جمعۃ الوداع پر پاکستان سمیت دنیا بھر میں یومِ القدس ریلیاں، فلسطین سے اظہارِ یکجہتی
شیعیت نیوز : پاکستان سمیت دنیا بھر میں جمعۃ الوداع کے موقع پر یومِ القدس کے سلسلے میں ریلیاں اور اجتماعات منعقد کیے گئے، جن میں فلسطین کے عوام سے یکجہتی اور اسرائیلی قبضے کے خلاف شدید احتجاج کیا گیا۔ ملک بھر میں سینکڑوں مقامات پر نکالی جانے والی ریلیوں میں مظاہرین نے امریکہ اور اسرائیل کے خلاف نعرے لگائے اور فلسطین کی آزادی کے حق میں آواز بلند کی۔
ملک کے مختلف شہروں میں جمعہ کے اجتماعات کے بعد یومِ القدس کی ریلیاں نکالی گئیں۔ اطلاعات کے مطابق پاکستان کے چار سو سے زائد مقامات پر مظاہرے اور ریلیاں منعقد ہوئیں جن میں بڑی تعداد میں عوام، علماء، طلبہ اور مختلف مذہبی و سماجی تنظیموں کے کارکنان شریک ہوئے۔ مظاہرین نے ہاتھوں میں فلسطینی پرچم اور بینرز اٹھا رکھے تھے جن پر بیت المقدس کی آزادی کے مطالبات درج تھے۔
یہ بھی پڑھیں : راولپنڈی و اسلام آباد میں عالمی یومِ القدس پر مشترکہ نمازِ جمعہ کا اعلان
کراچی، لاہور، اسلام آباد، راولپنڈی، کوئٹہ، پشاور، گلگت، سکردو اور دیگر شہروں میں مرکزی ریلیاں نکالی گئیں۔ کراچی میں یومِ القدس کے بڑے اجتماع کے باعث اہم سڑکوں پر ٹریفک پلان بھی جاری کیا گیا جبکہ سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے۔
ریلیوں کے شرکاء نے “مرگ بر امریکہ” اور “مرگ بر اسرائیل” کے نعرے لگائے اور فلسطینی عوام کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کیا۔ مظاہرین کا کہنا تھا کہ بیت المقدس اور فلسطین کی آزادی تک جدوجہد جاری رکھی جائے گی اور عالمی برادری کو اسرائیلی مظالم روکنے کے لیے کردار ادا کرنا چاہیے۔
بعض اجتماعات میں ایران کی حالیہ صورتحال کے تناظر میں نئے سپریم لیڈر کے ساتھ اظہارِ یکجہتی بھی کیا گیا اور مظاہرین نے فلسطین اور مقاومت کے محور کی حمایت جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔
یومِ القدس کے موقع پر ایران سمیت دنیا کے مختلف ممالک میں بھی بڑے اجتماعات منعقد ہوئے جہاں لاکھوں افراد نے فلسطین کی حمایت میں مارچ کیا۔ ایران کے کئی شہروں میں عوام کی بڑی تعداد سڑکوں پر نکلی اور اسرائیل کے خلاف احتجاج کیا۔
یاد رہے کہ یومِ القدس ہر سال رمضان المبارک کے آخری جمعہ کو منایا جاتا ہے جس کا مقصد فلسطین کے مسئلے کو اجاگر کرنا اور بیت المقدس کی آزادی کے لیے عالمی حمایت حاصل کرنا ہے۔







