ایران کا نیدرلینڈز کو سخت احتجاج: سفیر ایمل ڈی بونٹ طلب، ممنوعہ اشیا کی غیر قانونی کوشش پر شدید مذمت
شیعیت نیوز : ایران نے نیدرلینڈز کے سفارت کار کی جانب سے ممنوعہ اشیا ملک میں داخل کرنے کی مبینہ غیر قانونی کوشش پر شدید احتجاج کرتے ہوئے سفیر ایمل ڈی بونٹ کو طلب کرکے سخت احتجاج کیا۔
ایرانی وزارت خارجہ کے مطابق ضبط کی گئی کھیپ ایک ڈچ سفارت کار سے منسوب تھی جس میں ایسی اشیا شامل تھیں جن کی درآمد اور استعمال ایرانی قوانین کے تحت ممنوع ہے۔ وزارت نے واضح کیا کہ اس معاملے میں تمام قانونی تقاضے پورے کیے گئے۔
حکام کا کہنا ہے کہ ضبط شدہ سامان سے متعلق کارروائی سفارتی تعلقات سے متعلق ویانا کنونشن، بالخصوص آرٹیکل 36(2)، کی دفعات کے مطابق انجام دی گئی اور تمام متعلقہ سفارتی پروٹوکول کا اطلاق کیا گیا۔
ایران نے اس اقدام کو مروجہ قانونی اور سفارتی اصول کی خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے سخت احتجاج ریکارڈ کرایا ہے۔ تاہم ضبط شدہ اشیا کی نوعیت یا ممکنہ آئندہ اقدامات کے بارے میں مزید تفصیلات جاری نہیں کی گئیں۔







