رہبر انقلاب کو خطرہ لاحق ہوا تو عراقی شیعہ مرجعیت امریکہ کے خلاف جہاد کا اعلان کرے گی، آیت اللہ سیستانی کے نمائندے کا انتہائی سخت پیغام
شیعیت نیوز : عراق میں آیت اللہ العظمیٰ سید علی سیستانی کے نمائندے نے ایران کے سفیر محمد کاظم الصادق سے ملاقات کرتے ہوئے تہران کو ایک انتہائی اہم اور سخت پیغام پہنچایا ہے۔
ملاقات کے دوران نمائندے نے واضح کیا کہ اگر امریکہ کی جانب سے ممکنہ حملوں میں رہبر انقلاب اسلامی حضرت آیت اللہ سید علی خامنہ ای کی جان کو کوئی خطرہ لاحق ہوا یا انہیں کوئی نقصان پہنچا تو عراقی شیعہ مرجعیت فوری طور پر امریکہ کے خلاف جہاد کا اعلان کر دے گی۔
یہ پیغام عراقی شیعہ مرجعیت کی جانب سے اسلامی جمہوریہ ایران اور اس کی قیادت کے ساتھ مکمل یکجہتی اور حمایت کا اظہار ہے۔ آیت اللہ سیستانی کی نمائندگی میں یہ بیان اس بات کی طرف اشارہ کرتا ہے کہ عراق کے شیعہ عوام اور علماء امریکہ کی کسی بھی جارحیت کو برداشت نہیں کریں گے، خاص طور پر اگر یہ جارحیت رہبر انقلاب کی جان یا اسلامی نظام کو نشانہ بنائے۔
یہ بھی پڑھیں : بنوں میں سی ٹی ڈی ٹیم پر کالعدم لشکر جھنگوی کا حملہ ناکام، دہشتگرد کمانڈر ہلاک
ایرانی سفیر محمد کاظم الصادق نے اس پیغام کو سراہا اور دونوں ممالک کے درمیان برادرانہ تعلقات اور مشترکہ دشمن کے خلاف متحدہ موقف کی اہمیت پر زور دیا۔
یہ بیان حالیہ علاقائی تناؤ اور امریکہ کی جانب سے ایران کے خلاف جاری دھمکیوں کے تناظر میں سامنے آیا ہے، جہاں ایران نے اپنی دفاعی تیاریوں کو مکمل کر رکھا ہے اور عراق سمیت علاقائی اتحادیوں کی حمایت سے مزید مضبوط ہو رہا ہے۔







