بنوں میں سی ٹی ڈی ٹیم پر کالعدم لشکر جھنگوی کا حملہ ناکام، دہشتگرد کمانڈر ہلاک
شیعیت نیوز : کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) بنوں کی تفتیشی ٹیم اسسٹنٹ کمشنر شمالی وزیرستان شاہ ولی خان پر حملے کی جائے وقوعہ کی نشاندہی کے لیے جا رہی تھی کہ راستے میں کالعدم لشکر جھنگوی سے منسلک دہشت گردوں نے شدید فائرنگ کر دی۔ جوابی کارروائی میں زیر حراست دہشت گرد کمانڈر اسامہ عرف دانیال عرف باغی ہلاک ہو گیا۔
سی ٹی ڈی کے مطابق ہلاک کمانڈر کالعدم لشکر جھنگوی کی نئی دہشت گرد تنظیم "اتحاد المجاہدین پاکستان” کا سرگرم رکن اور متعدد دہشت گردانہ کارروائیوں کا ماسٹر مائنڈ تھا۔ دہشت گردوں نے اسے چھڑانے کے لیے سی ٹی ڈی ٹیم پر حملہ کیا۔
جوابی فائرنگ میں دہشت گردوں کے ایک ساتھی کی شناخت کامیاب خان عرف اخلاص یار ولد نبوت خان سکنہ کابل خیل شیواہ شمالی وزیرستان کے نام سے ہوئی۔ ہلاک دہشت گرد کے پاس سے ایک کلاشنکوف، دو میگزین اور دو ہینڈ گرینیڈز برآمد ہوئے، جبکہ باقی دہشت گرد فرار ہوتے ہوئے اپنے زخمی ساتھیوں کو ساتھ لے گئے۔
آئی جی خیبر پختونخوا ذوالفقار حمید اور ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی نے جوانوں کی بروقت اور بہادرانہ جوابی کارروائی پر شاباش دی۔ آئی جی نے کہا کہ دہشت گرد کسی کے سگے نہیں ہوتے، مفاد کی خاطر اپنے ساتھیوں پر بھی فائر کھول دیتے ہیں۔
قبائلی ضلع اورکزئی اور ضلع خیبر کے سرحدی علاقے ایندارہ آکا خیل میں مبینہ طور پر نامعلوم طرف سے فائر کیا گیا مارٹر گولہ ایک گاڑی پر آ گرا جس کے نتیجے میں دو بچوں سمیت پانچ افراد جاں بحق اور 13 دیگر زخمی ہو گئے۔
اطلاعات کے مطابق واقعہ گزشتہ شام افطاری سے کچھ دیر قبل اس وقت پیش آیا جب بازار سے افطاری کی خریداری کرکے واپس آنے والے افراد ایک گاڑی میں سوار تھے کہ اچانک مارٹر گولہ ان پر آ گرا۔ تین افراد موقع پر جاں بحق ہو گئے جبکہ دو زخمی بعد میں دم توڑ گئے۔
جاں بحق ہونے والوں میں ممتاز آفریدی، منتظر آفریدی اور خواجہ آمین آفریدی شامل ہیں جبکہ دو افراد کی شناخت تاحال نہ ہو سکی۔ زخمیوں کو قریبی ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔
واقعے کیخلاف مقامی افراد نے شدید احتجاج کیا اور سڑکوں کو ہر قسم کی ٹریفک کے لیے بند رکھا۔ لوئر اورکزئی کے تحصیل چیئرمین مولانا طارق سمیت دیگر مقامی رہنماؤں نے احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے واقعے کی شدید مذمت کی اور تحقیقات کا مطالبہ کیا۔







