ایران پر حملے کی صورت میں محور مقاومت مکمل طور پر تیار ہے، دشمن کو شدید سزا کا سامنا کرنا پڑے گا، کتائب حزب اللہ عراق
شیعیت نیوز: علاقے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی اور ایران کے خلاف ممکنہ جنگی خطرات کے تناظر میں، کتائب حزب اللہ عراق کے سیکریٹری جنرل حاج ابو حسین الحمیداوی نے ایک نہایت سخت اور واضح موقف اپناتے ہوئے اسلامی جمہوریہ ایران کی مکمل سیاسی، عسکری اور جہادی حمایت کا اعلان کر دیا ہے۔
اپنے بیان میں انہوں نے مشرق و مغرب میں موجود تمام مجاہدین اور اہل ایمان کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران گزشتہ چار دہائیوں سے امت مسلمہ کے مظلوموں کا مضبوط قلعہ بنا ہوا ہے۔ اس نے کبھی مذہب، نسل یا قومیت کی بنیاد پر کوئی امتیاز نہیں برتا، لہٰذا اس کا دفاع ہر مسلمان کی ذمہ داری ہے۔
یہ بھی پڑھیں: ایران کی دفاعی طاقت کا مظاہرہ: 10 غدیر کلاس آبدوزیں آبنائے ہرمز میں دشمن کے خلاف مکمل تیار
بیان میں صہیونی قوتوں اور ان کے سرغنوں کو عالمی اخلاقی اقدار کی تباہی کا ذمہ دار قرار دیتے ہوئے کہا گیا کہ ایران کو نشانہ بنانے کی کوئی بھی کوشش دشمن کے لیے انتہائی مہنگی ثابت ہوگی۔ اسے ایسی سخت اور شدید سزا کا سامنا کرنا پڑے گا جس کا تصور بھی اس نے نہیں کیا ہوگا۔
حاج ابو حسین الحمیداوی نے محور مقاومت کی تمام قوتوں سے مطالبہ کیا کہ وہ عملی اور میدانی سطح پر مکمل آمادگی اختیار کریں، بالخصوص اس صورت میں جب مراجع عظام کی جانب سے جہاد کا اعلان کیا جائے۔ تاکہ اسلام، امت مسلمہ اور مقدسات کا دفاع کیا جا سکے، چاہے یہ راستہ شہادت کا ہی کیوں نہ ہو۔







