انگلی ٹریگر پر ہے، کسی بھی غلطی کا انجام دردناک ہوگا: جنرل محمد پاکپور
شیعیت نیوز : علاقائی کشیدگی میں تیزی کے پس منظر میں ایرانی پاسدارانِ انقلاب کے کمانڈر جنرل محمد پاکپور نے امریکہ اور اسرائیل کو براہِ راست اور دوٹوک انتباہ جاری کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ کسی بھی غلط اندازے کے نتائج نہایت تکلیف دہ ہوں گے، جبکہ ایرانی افواج مکمل جنگی تیاری کی بلند ترین سطح پر موجود ہیں۔
ایرانی پاسدارانِ انقلاب کے کمانڈر جنرل محمد پاکپور نے جمعرات کے روز واضح الفاظ میں کہا کہ انگلی ٹریگر پر ہے، اور واشنگٹن اور تل ابیب کو تاریخ کے تجربات سے سبق سیکھنا چاہیے، خصوصاً اس جنگ سے جو ان کے بقول بارہ دن تک ایران پر مسلط کی گئی، تاکہ اس سے بھی زیادہ دردناک انجام سے بچا جا سکے۔
ایرانی پاسدارانِ انقلاب کے کمانڈر نے اس بات پر زور دیا کہ پاسدارانِ انقلاب اور ایران پہلے سے کہیں زیادہ مستعد اور تیار ہیں اور مسلح افواج کے سپریم کمانڈر آیت اللہ علی خامنہ ای کی جانب سے جاری ہونے والے تمام احکامات اور اقدامات پر فوری عمل درآمد کے لیے پوری طرح آمادہ ہیں۔ ان کے مطابق عسکری تیاری اس وقت انتہائی بلند سطح پر پہنچ چکی ہے۔
یہ بھی پڑھیں : وکیلُ المراجع و امام جمعہ اسکردو علامہ شیخ محمد حسن جعفری کی علامہ راجہ ناصرعباس کوقائد حزب اختلاف منتخب ہونے پر مبارکباد
انہوں نے گزشتہ بارہ روزہ جنگ کے بعد کہا کہ کم از کم اتنا اندازہ تو ہمارے دشمنوں کو ہو جانا چاہیے کہ ایران پر کسی بھی حملے کی صورت میں انہیں نہایت دردناک صورتحال کا سامنا کرنا پڑے گا، جس کا پچھتاوا بعد میں خود انہیں ہوگا۔
یہ بیانات ایرانی سرکاری ٹیلی ویژن پر جاری کیے گئے ایک تحریری اعلامیے میں سامنے آئے، جو پاسدارانِ انقلاب کے یومِ تاسیس کی مناسبت سے نشر کیا گیا۔ اعلامیے میں کہا گیا کہ پاسدارانِ انقلاب کی بنیادی ذمہ داری ایران کو اندرونی اور بیرونی خطرات سے محفوظ رکھنا ہے۔
اسی تناظر میں پاسدارانِ انقلاب کی زمینی افواج کے کمانڈر بریگیڈیئر جنرل محمد کرمی نے اپنے ایک سابقہ بیان میں کہا تھا کہ زمینی افواج مکمل جنگی تیاری کی حالت میں ہیں۔
انہوں نے واضح کیا کہ ایرانی سکیورٹی سرحدی نقطۂ آغاز سے لے کر ملک کے اندرونی علاقوں تک مضبوط اور مستحکم ہے، اور جو آنکھ بھی ایران کی سرزمین پر بری نیت ڈالے گی، اسے اکھاڑ پھینکا جائے گا۔







