مولاعلیؑ کا بیٹا سید علی خامنہ ای میدان عمل میں ثابت قدمی سے کھڑا ہے، علامہ نثار قلندری
شیعیت نیوز: مجلس ذاکرین امامیہ پاکستان کے سربراہ علامہ نثار احمد قلندری کا کہنا ہے کہ شہدائے مقاومت نے اپنی مزاحمت سے عالمی طاقتوں کے عزائم کو ناکام بنایا، انہیں پسا کیا، انہیں دنیا بھر میں رسوا کر دیا۔ انہوں نے کہا کہ رہبر معظم سید علی خامنہ ای سے متعلق گمراہ کن خبریں پھیلانے والے نہیں جانتے کہ علیؑ کا بیٹا کبھی بھی میدان سے فرار اختیار نہیں کرتا، وہ آج بھی میدان میں ثابت قدمی سے کھڑا ہوا ہے، رہبر معظم نے واضح کر دیا ہے کہ نمرود، فرعون، رضا شاہ کی طرح ٹرمپ کا بھی اپنے اقتدار کے عروج کے وقت جلد خاتمہ ہوگا، ان خیالات کا اظہار انہوں نے حامیان مظلومین جہان کراچی کے زیر اہتمام یاد شہدائے مقاومت و حمایت مظلومین جہان کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ علامہ نثار احمد قلندری نے کہا کہ مملکت ایران انقلاب اسلامی کے آغاز سے لیکر آج تک حالیہ مسئلے سے بڑے بڑے معرکوں کو سر کر چکا ہے۔
علامہ نثار احمد قلندری نے کہا کہ ایران نے انقلاب اسلامی کے آغاز میں مسلط کردہ آٹھ سالہ جنگ میں تمام عالمی قوتوں کو تن تنہا شکست فاش سے دوچار کیا تھا، حال ہی میں اسرائیل و امریکا کی جانب سے مسلط کردہ بارہ روزہ جنگ میں فوجی قیادتوں و اہم سائنسدانوں کی شہادتوں کے باوجود بھی دشمن کو شکست سے دوچار کیا۔ انہوں نے کہا کہ شہید قاسم سلیمانی نے راہ خدا میں جو پُرخلوص جدوجہد کی، اسے قبول کرتے ہوئے خدا نے شہید سلیمانی کی بامقصد حیات کو عظیم شہادت سے متصل کر دیا، ہمیں بھی ان شہدائے مقاومت کی مانند عالمی طاغوتی طاقتوں، مستکبرین سے برسرپیکار رہتے ہوئے دنیا میں نظام الٰہی کے قیام اور مظلومین جہان کی حمایت میں اپنی زندگی گزاریں گے، یہی وہ وصیت ہے، جسے بیان کرتے ہوئے امیرالمومنین مولا علیؑ نے کہا کہ ہمیشہ ظالم کے خلاف اور مظلوم کے مددگار رہنا، ہمیں بھی اس پر عمل پیرا رہنا ہے۔
یہ بھی پڑھیں : امام مہدی ؑ کے گستاخ ملعون اعظم طارق کا بیٹا معاویہ اعظم امریکی و اسرائیلی ایماء پر ایران میں جاری پرتشددمظاہروں پر خوشی سے نہال
اسلامک ریسرچ سینٹر فیڈرل بی ایریا میں منعقدہ کانفرنس سے جماعت اسلامی پاکستان کے مرکزی رہنما ڈاکٹر معراج الہدیٰ صدیقی، مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکریٹری جنرل علامہ سید حسن ظفر نقوی، جمعیت علمائے پاکستان کے مرکزی رہنما علامہ عقیل انجم قادری، فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کے مرکزی جنرل سیکریٹری ڈاکٹر صابر ابو مریم، ایم ڈبلیو ایم سندھ کے رہنما علامہ حیات عباس نجفی و دیگر رہنماؤں نے بھی خطاب کیا، جبکہ معروف شاعر و ادیب فراست رضوی نے شہدائے مقاومت و مظلومین جہان سے متعلق اپنی خصوصی نظمیں پیش کیں۔ کانفرنس میں بڑی تعداد خواتین سمیت شہریوں نے شرکت کی۔ کانفرنس میں نظامت کے فرائض علامہ مبشر حسن نے انجام دیئے۔







