اے آر وائی نیوز کی خبر کی شدید مذمت، مرکزی صدر آئی ایس او پاکستان کا سخت ردِعمل

07 جنوری, 2026 14:37

شیعیت نیوز : اے آر وائی نیوز کی جانب سے رہبرِ مسلمین آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای کے بارے میں نشر کی گئی خبر کی سخت الفاظ میں مذمت کی گئی ہے۔ اس خبر کو غیر مصدقہ، گمراہ کن اور دشمن میڈیا کے بیانیے کی ترجمانی قرار دیا گیا ہے، جو اسلامی اقدار اور صحافتی اصولوں کے منافی ہے۔

مرکزی صدر آئی ایس او پاکستان سید امین شیرازی نے اپنے بیان میں کہا کہ میڈیا کا بنیادی فریضہ عوام تک حقائق پر مبنی اور تصدیق شدہ معلومات پہنچانا ہے، نہ کہ افواہوں کو فروغ دے کر دشمنانِ اسلام کے بیانیے کو تقویت دینا۔ انہوں نے واضح کیا کہ ایسی غیر ذمہ دارانہ رپورٹنگ نہ صرف عوام کو گمراہ کرتی ہے بلکہ معاشرتی انتشار کا سبب بھی بن سکتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ اے آر وائی نیوز کی جانب سے نشر کی گئی مذکورہ خبر صحافتی ذمہ داریوں کے برخلاف ہے اور اس سے میڈیا کی ساکھ کو نقصان پہنچتا ہے۔ پاکستانی میڈیا کو چاہیے کہ وہ قومی و دینی حساس معاملات میں غیر معمولی احتیاط اور ذمہ داری کا مظاہرہ کرے۔

یہ بھی پڑھیں : آئی ایس او پاکستان کا ایم ڈبلیوایم کے سیاسی اور علامہ راجہ ناصرعباس کے شجاعانہ کردار پر خراج تحسین، مکمل تعاون کی یقین دہانی

سید امین شیرازی نے پاکستانی میڈیا سے اپیل کی کہ وہ صحافتی اصولوں کی پاسداری کرتے ہوئے صرف مستند اور تصدیق شدہ معلومات ہی نشر کرے، تاکہ عوام میں اعتماد برقرار رہے اور دشمن قوتوں کو غلط بیانیے کا موقع نہ ملے۔

آخر میں انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ آئی ایس او پاکستان حق، انصاف اور اسلامی اقدار کے دفاع کے لیے ہر سطح پر اپنی آواز بلند کرتی رہے گی اور میڈیا میں پھیلائی جانے والی کسی بھی گمراہ کن مہم کے خلاف مؤثر ردِعمل دیا جائے گا۔

8:04 صبح مارچ 8, 2026
بریکنگ نیوز:
Scroll to Top