مہنگائی کے خلاف احتجاج عوام کا حق، تخریبی عناصر سے ہوشیار رہنا ہوگا، امام جمعہ تہران
شیعیت نیوز : تہران میں نمازِ جمعہ کے خطبے سے خطاب کرتے ہوئے حجتالاسلام والمسلمین حاجعلیاکبری نے کہا ہے کہ ایران کے خلائی منصوبے سے سائنسی کامیابی کے علاوہ ماحولیات، زراعت، مواصلات اور قومی سلامتی کے امور میں کامیابیاں ملیں گی۔
انہوں نے واضح کیا کہ اگرچہ حالیہ سیٹلائٹ لانچ روسی راکٹ کے ذریعے ہوا، تاہم آئندہ ضرورت پڑنے پر ملکی لانچرز استعمال کیے جائیں گے۔
خطیب نماز جمعہ نے کہا کہ مہنگائی اور اشیاء کی قیمتوں میں اضافے پر تاجروں اور عوام کی تشویش بجا ہے، اور یہ دباؤ خصوصاً محنت کش طبقے کو متاثر کر رہا ہے۔
یہ بھی پڑھیں : اسرائیلی سرکاری چینل کا گھٹیا پروپیگنڈا بے نقاب، اپنی پولیس کی تصویر ایرانیوں پر تھوپ دی
انہوں نے احتجاج کو عوام کا جائز حق قرار دیتے ہوئے زور دیا کہ قانونی دائرے میں رہتے ہوئے احتجاج اور منظم بدامنی کے درمیان فرق سمجھنا ضروری ہے۔ دشمن کی سازش یہ ہے کہ معاشی مسائل کو سلامتی کے بحران میں تبدیل کیا جائے۔ عدم استحکام کا سب سے پہلا نقصان خود ملکی معیشت کو پہنچتا ہے۔
حاجعلیاکبری نے حکام سے فوری اقدامات، شفاف پالیسی سازی اور عوام سے واضح گفتگو کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کو چاہیے کہ ان مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرے۔
انہوں نے فسادات پھیلانے والوں کے خلاف سخت کارروائی پر بھی زور دیا اور کہا بیرون ملک موجود دشمن عناصر قوم و ملت کے خیرخواہ نہیں۔
خطیب جمعہ نے عوام کو آگاہی اور ہوشیاری کی تلقین کی اور کہا کہ امن و امان وہ نعمت ہے جو ملکی ترقی کی بنیاد ہے، جس کے تحفظ کے لیے اجتماعی شعور ناگزیر ہے۔







