حسین آباد جھارکھنڈ میں ایام فاطمیہ کی عظیم الشان مجالس و جلوسِ عزاء، علماء کا سیرتِ سیدہؑ پر زور

25 نومبر, 2025 10:52

شیعت نیوز : حسب سابق امسال بھی حسین آباد جھارکھنڈ، ہندوستان میں ایام فاطمیہ کی مناسبت سے عظیم الشان مجالس اور جلوس ہائے عزاء برآمد ہوئے، جن میں حسین آباد اور گرد و نواح کے مؤمنین و مؤمنات نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

مرکزی حسین آباد جپلا کے صدر امام بارگاہ میں سہ روزہ مجالسِ عزاء کا اہتمام کیا گیا، جس کی پہلی مجلس سے مولانا سید علی سجیر رضوی، امام جمعہ حسین آباد نے خطاب کیا۔ انہوں نے آیتِ تطہیر کی تفسیر بیان کرتے ہوئے اہل بیت علیہم السلام کے فضائل اور سیرت پر روشنی ڈالی۔

یہ بھی پڑھیں : پشاور ایف سی ہیڈکوارٹر حملہ ریاست کے لیے سنگین خطرے کی گھنٹی ہے: علامہ نثار قلندری

مجلس سے قبل سوز و مرثیہ کے فرائض جناب سید رضا امام رضوی و ہمنوا نے انجام دیئے، جبکہ جناب سید الخیبر حسین اور جناب سید علی حسن نے بارگاہِ سیدہ سلام اللہ علیہا میں بہترین اشعار پیش کیے۔

مجلس کے بعد نوحہ خوانی جناب سید نقی امام نقن، جناب زید مرزا، جناب سید علی حسن اور جناب الخیبر نے کی۔

ایام فاطمیہ کی دوسری مجلس سے بنارس سے تشریف لائے ہوئے شمیم الملت مولانا شمیم الحسن کے فرزند مولانا سید وسیم اصغر نے خطاب کیا۔ انہوں نے فدک کی تاریخ پر تفصیلی گفتگو کی اور آخر میں شہزادۂ کونین سلام اللہ علیہا کے مصائب بیان کیے۔

تیسری و آخری مجلس سے قبل قلعہ مسجد سے جلوسِ فاطمی برآمد ہوا جو صدر امام بارگاہ پہنچ کر اختتام پذیر ہوا۔ جلوس کے بعد شہزادی کی بارگاہ میں مناجات جناب سید علی حسن اور جناب سید نقی امام نقن نے پیش کی۔ اس کے فوراً بعد سوز و مرثیہ سے مجلس کا آغاز ہوا۔

آخری مجلس سے مدرسۂ جوادیہ عربی کالج بنارس کے استاد مولانا سید حیدر عباس نے خطاب کیا اور بیٹی کی عظمت و شہزادۂ کونین کی فضیلت کے اہم نکات پر سامعین کی توجہ مبذول کروائی۔ آخر میں مصائبِ سیدہؑ کا تذکرہ کیا گیا جس کے بعد شبیہ تابوت برآمد ہوا۔

ان مجالس میں مؤمنین و مؤمنات نے بڑی تعداد میں شرکت کی اور نذر و سبیل کا خصوصی انتظام بھی کیا گیا۔

حسین آباد کے اطراف حیدر نگر، مانڈر اور امیر نگر میں بھی ایام فاطمیہ کی مجالس اور جلوسِ عزاء برآمد ہوئے۔ ان تمام مجالس سے مولانا سید علی سجیر رضوی نے خطاب کیا اور عزائے فاطمیہ کی حقیقت اور سیرت حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کو بیان کیا۔

10:32 صبح مارچ 10, 2026
بریکنگ نیوز:
Scroll to Top