ایران کی اصل طاقت عوام کی حمایت ہے، میزائل نہیں: ایرانی اسپیکر قالیباف
شیعیت نیوز: ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر محمدباقر قالیباف نے کہا ہے کہ ایران کو اپنی میزائل قوت پر فخر ہے، لیکن ایران کی اصل طاقت عوام اور ان کی غیر متزلزل حمایت ہے۔
انہوں نے زور دیا کہ جب تک عوام ساتھ ہیں ایران دنیا کی سب سے مضبوط ریاست ہے، اور اگر عوامی دل نہ جیتے جائیں تو میزائل حملے بھی اپنی اثر پذیری کھو دیتے ہیں۔
قالیباف نے بسیجی طلباء اور دانشوروں کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 12 روزہ جنگ نے انقلاب اسلامی کے لیے ایک نیا راستہ کھولا۔
دشمن نے ایران کو توڑنے اور انقلاب اسلامی کو ختم کرنے کی منصوبہ بندی کی تھی، لیکن عوام کی فداکاری، فوجی قوت اور رہبر انقلاب کی حکیمانہ قیادت نے دشمن کو مذاکرات پر مجبور کر دیا۔
انہوں نے کہا کہ اب اصل میدان اقتصادی، ثقافتی اور سماجی ہے اور نوجوان نسل کو جدید طریقوں کے ذریعے مستقبل کی تیاری کرنا ہوگی۔
یہ بھی پڑھیں : ایران کی طاقت کو کم سمجھنے کا نتیجہ اسرائیل اور امریکہ کی شکست ہے، بریگیڈیئر جنرل نائینی
قالیباف کا کہنا تھا کہ موجودہ حکمرانی اور اقتصادی نظام میں بنیادی تبدیلی کی ضرورت ہے، اور اس جدوجہد میں بسیج کو سب سے آگے ہونا چاہیے۔
نوجوان نسل، خصوصاً طلباء اور دانشور، ملک کو ایک نئے دور میں لے جانے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ دشمن نے اب جنگ کو دفاعی میدان سے بدل کر اقتصادی، سیاسی اور ثقافتی میدان میں منتقل کر دیا ہے، جس کا مقصد عوام کے دلوں میں ناامیدی پیدا کرنا ہے۔ اس کا مقابلہ صرف عملی اقدامات، نتیجہ خیزی اور عوامی زندگی میں حقیقی بہتری کے ذریعے کیا جا سکتا ہے۔
آخر میں قالیباف نے کہا کہ اگر عوام دل سے ہمارے ساتھ ہوں تو ایران ناقابلِ شکست ہے، اور یہی اصل قوت ہے جو دشمن کی ہر سازش کو ناکام بنا سکتی ہے۔







