ایران پاکستان تعلقات ثالثی تک محدود نہیں، تاریخی اور دیرینہ ہیں، ترجمان ایرانی وزارت خارجہ
شیعیت نیوز : ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے کہا ہے کہ ایران اور پاکستان کے تعلقات ثالثی تک محدود نہیں بلکہ تاریخی اور دیرینہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایران وہ پہلا ملک تھا جس نے پاکستان کی آزادی کو تسلیم کیا اور دہائیوں سے دونوں ممالک کے عوام کے درمیان ممتاز تعلقات قائم ہیں۔
اسماعیل بقائی نے کہا کہ پاکستان کا ثالث کے طور پر انتخاب بھی انہی مستحکم اور قابلِ اعتماد تعلقات کا نتیجہ ہے۔ انہوں نے پاکستان اور دیگر ثالث ممالک کے تعمیری کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ امریکہ کے حد سے بڑھے ہوئے مطالبات ہمیشہ ثالثوں کی سفارتی کوششوں کی راہ میں بنیادی رکاوٹ رہے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں : یمن میں ایرانی فوجی ماہرین کا دعویٰ مسترد، اسماعیل بقائی
ہفتہ وار پریس کانفرنس میں انہوں نے کہا کہ امریکہ نے صدر مسعود پزشکیان اور امریکی صدر کے درمیان طے پانے والی اسلام آباد مفاہمتی یادداشت کے تحت اپنی ذمہ داریاں پوری نہیں کیں اور یہ معاہدہ دو ہفتے بھی برقرار نہ رہ سکا۔
ترجمان نے سوال اٹھایا کہ بحری ناکہ بندی کے خاتمے، غیر قانونی پابندیوں کے اٹھائے جانے اور تمام محاذوں پر جنگ کے مکمل خاتمے کا ایرانی مطالبہ کیسے غیر معقول ہو سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ امریکی سامراج کا اقدام غیر قانونی ہی نہیں بلکہ مجرمانہ بھی تھا۔







