ایرانی پارلیمنٹ نے قومی ادارہ برائے مصنوعی ذہانت کے قیام کی منظوری دی
شیعیت نیوز : ایرانی پارلیمنٹ نے قومی ادارہ برائے مصنوعی ذہانت کے قیام کی منظوری دے دی ہے، جو ایک آزاد ادارے کے طور پر صدرِ مملکت کی نگرانی میں کام کرے گا اور ملک میں مصنوعی ذہانت کے شعبے کو منظم کرنے اور قومی سطح پر اس کے فروغ کو یقینی بنانے کا چارٹر رکھے گا۔
پارلیمنٹ کے اجلاس میں ارکان نے قومی مصنوعی ذہانت بل کی شق نمبر 3 میں ترمیم کی منظوری دی، جس کے تحت موجودہ قومی وسائل کو بروئے کار لا کر ایک خودمختار ادارہ قائم کیا جائے گا۔
ادارے کا سیکریٹریٹ صدرِ مملکت کے ماتحت کام کرے گا اور مختلف سرکاری اداروں کے درمیان ہم آہنگی کو یقینی بنائے گا۔ ادارے کے سربراہ کا تقرر صدرِ ایران کریں گے۔
قانون کے نفاذ کے بعد تین ماہ کے اندر ادارے کو اپنا آئینی خاکہ تیار کرنا ہوگا، جس میں نائب صدر برائے سائنس و ٹیکنالوجی، منصوبہ بندی و بجٹ، وزارتِ سائنس، وزارتِ صحت، وزارتِ آئی سی ٹی، وزارتِ محنت اور وزارتِ تعلیم سمیت دیگر متعلقہ ادارے شامل کیے جائیں گے۔ یہ آئینی خاکہ کابینہ کو منظوری کے لیے پیش کیا جائے گا۔
یہ بھی پڑھیں : اسرائیل کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے: وزارتِ خارجہ ایران
ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ اقدام ایران میں مصنوعی ذہانت کی حکمرانی کو ادارہ جاتی شکل دینے اور قومی پالیسی سازی میں اس کے انضمام کی جانب ایک اہم پیش رفت ہے۔







