مجلس وحدت مسلمین شعبہ قم میں مؤسسہ امام تقیؑ کے نئے تعلیمی سال کی تقریب
شیعیت نیوز : مؤسسہ امام تقیؑ میں نئے تعلیمی سال کے آغاز کے موقع پر ایک علمی تقریب منعقد ہوئی جس کی صدارت آیت اللہ باقری مقدسی نے کی۔ تقریب میں ملک اور بیرونِ ملک سے تعلق رکھنے والے علماء، طلاب اور دینی اداروں کے نمائندگان نے شرکت کی۔
آیت اللہ باقری مقدسی، جو بلتستان کے ممتاز عالم اور درسِ خارج و اجازۂ اجتہاد کے حامل ہیں، نے اپنے خطاب میں علم کی اہمیت پر روشنی ڈالی اور طلاب کو بابِ اجتہاد میں سنجیدگی اور شوق کے ساتھ قدم بڑھانے کی ترغیب دی۔ انہوں نے زور دیا کہ علم دین کی خدمت اور معاشرتی اصلاح کا سب سے بڑا ذریعہ ہے۔
یہ بھی پڑھیں : معقول اور منصفانہ مذاکرات کے لیے ہمیشہ تیار ہیں، لاریجانی
تقریب میں مجلس وحدت مسلمین شعبہ قم کے صدر مولانا سید ذیشان حیدر الحسنی بطور مہمانِ خصوصی موجود تھے۔ انہوں نے اپنے خطاب میں کہا کہ پاکستانی طلاب کے لیے درجۂ اجتہاد کو حاصل کرنا شہید قائد علامہ سید عارف حسین الحسینی کی دیرینہ آرزو تھی اور آیت اللہ باقری مقدسی کا درسِ خارج پاکستانی طلاب کے لیے باعثِ برکت اور افتخار ہے۔
اس موقع پر شیعہ علماء کونسل، جامعہ منتظر، مدرسہ امام علیؑ، جامعہ روحانیت بلتستان کے مسؤلین سمیت مختلف علمی و دینی اداروں کے نمائندگان نے بھی شرکت کی اور نئے تعلیمی سال کی کامیابی و برکت کے لیے دعا کی۔







