آل محمدؐ ہی صادقین ہیں، امام علیؑ صدیق اکبر ہیں: علامہ مقصود ڈومکی
شیعیت نیوز : مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی رہنماء علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا ہے کہ آلِ رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی حیاتِ طیبہ دین اسلام کی راہ میں بے مثال قربانیوں سے عبارت ہے۔ قرآن مجید نے ہمیں سچوں کے ساتھ رہنے کا حکم دیا ہے اور صادقین سے مراد آل محمد (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) ہیں۔
یہ بات انہوں نے جیکب آباد کے پھول باغ محلہ میں ذوالفقار علی ڈومکی اور استاد محمد بخش ڈومکی کی والدہ محترمہ کے سوئم کی مناسبت سے مجلس عزاء سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔
علامہ مقصود ڈومکی نے کہا کہ امام علی علیہ السلام صدیق اکبر ہیں جو معیارِ حق و صداقت ہیں۔ پیغمبر اسلام (ص) نے آپؑ کو صدیقِ اکبر اور فاروقِ اعظم کا لقب عطا فرمایا۔ حدیث نبوی (ص) کی روشنی میں امت کی ہدایت کا واحد راستہ قرآن مجید اور آئمہ اہل البیت علیہ السلام سے تمسک ہے، کیونکہ اہل البیت (ع) ہی کشتی نجات، چراغِ ہدایت اور بابُ حطہ ہیں۔
یہ بھی پڑھیں : سیلاب متاثرین کے ساتھ ایم ڈبلیو ایم کی یکجہتی، علامہ احمد اقبال رضوی کا ضلع مظفر گڑھ کے علاقے شہر سلطان کا دورہ
قبل ازیں چنہ محلہ میں مومنین سے گفتگو کرتے ہوئے علامہ مقصود ڈومکی نے اعلان کیا کہ 23 اکتوبر کو شہدائے سانحہ شب عاشور جیکب آباد کی دسویں برسی کے موقع پر عظیم الشان عظمت شہداء کانفرنس اور لبیک یا رسول اللہ (ص) ریلی منعقد کی جائے گی۔
انہوں نے بتایا کہ اس موقع پر مقتل شہداء پر شمع روشن کر کے شہدائے سانحہ شب عاشور کو خراجِ عقیدت پیش کیا جائے گا۔
سالانہ عظمت شہداء کانفرنس میں مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے شعبہ عزاداری ونگ کے مرکزی صدر علامہ سید اقتدار حسین نقوی، ایمپلائز ونگ کے مرکزی صدر سلیم عباس صدیقی سمیت دیگر مرکزی و صوبائی رہنماء شریک ہوں گے۔







