گورنر سندھ کامران ٹیسوری کا زائرین اربعین کے مسائل کے مکمل حل تک بذات خود نگرانی کا اعلان

09 اگست, 2025 12:11

شیعیت نیوز : زائرین اربعین کے مسائل کے حل کیلئے فالواپ میٹنگ اور پریس کانفرنس کیلئے گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری گذشتہ شب ایم ڈبلیو ایم کے صوبائی سیکریٹریٹ وحدت ہاؤس سولجر بازار پہنچ گئے، اب تک کی پیش رفت کا جائزہ لیا اور آئندہ 48 گھنٹوں میں نتائج سامنے لانے کا وعدہ کیا۔

مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے وائس چیئرمین علامہ سید احمد اقبال رضوی و دیگر رہنماؤں سے ملاقات کے دوران، گورنر سندھ نے مسائل کے مکمل حل ہونے تک بذات خود نگرانی کرنے کا اعلان کیا۔ ایک بار پھر قائد وحدت سینیٹر علامہ راجہ ناصر عباس جعفری حفظہ اللہ کی شفقتوں پر اظہار تشکر کیا۔

گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے کہا کہ چاہتے ہیں زائرین کے مسائل جلد از جلد حل ہو جائیں، زائرین کیلئے راستہ سیکیورٹی وجوہات کی بنا پر عارضی طور پر بند کیا گیا ہے۔ گورنر سندھ نے ایم ڈبلیو ایم کے رہنماؤں سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ فیصلہ کیا ہے کہ زائرین کو محفوظ طریقے سے ایران بھجوایا جائے، ہوائی سفر کے حوالے سے کمیٹی بن چکی ہے۔

انہوں نے کہا کہ سکیورٹی مسائل حل ہوتے ہی زمینی راستے بحال ہو جائیں گے، زائرین کے ویزا مسائل اور دیگر مطالبات پر بھی کام کریں گے۔ آج بھی اس مسئلے پر سینیٹر علامہ راجہ ناصر عباس جعفری صاحب سے اسلام آباد فون پر رابطہ کیا تھا۔

انہوں نے کہا کہ زائرین کیلئے مستقل بنیادوں پر راستہ بند کرنے کی کوئی بات نہیں ہوئی، میری درخواست پر مارچ کو موخر کیا جس پر ایم ڈبلیو ایم کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔ گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے مزید کہا کہ کمیٹی بنائی گئی ہے جو ایئر ٹکٹس اور دیگر معاملات پر کام کر رہی ہے، آئندہ 48 گھنٹوں میں کمیٹی کے نتائج آنا شروع ہو جائیں گے۔

یہ بھی پڑھیں : وزیراعظم شہباز شریف کی اسرائیلی کابینہ کے غزہ پر قبضے کے فیصلے کی مذمت

گورنر سندھ نے کہا کہ زائرین کے مسائل کے مکمل حل ہونے تک بذات خود تمام امور کی نگرانی کروں گا، ایک پل کیلئے بھی اس مسئلے سے پیچھے نہیں ہٹوں گا اور مسلسل ایم ڈبلیو ایم کے ساتھ رابطے میں رہوں گا۔

علامہ احمد اقبال رضوی نے ایک بار پھر اس عزم کا اعادہ کیا کہ ہمارے مارچ کا کوئی سیاسی مقصد نہیں تھا، ہم کسی کو تکلیف نہیں دینا چاہتے نہ ہی حکومت سے ٹکراؤ چاہتے ہیں، ہمارا فقط ایک ہی مقصد ہے اور وہ ہے زائرین کی اربعین سے پہلے روضہ امام حسینؑ پر حاضری۔

انہوں نے ایک بار پھر گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری اور ایم کیو ایم رہنما انیس قائم خانی کا شکریہ ادا کیا جو مسلسل اس مسئلے کے حل کیلئے فعال کردار ادا کر رہے ہیں۔

اس موقع پر متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے مرکزی رہنما انیس قائم خانی، زوہیر عابدی، ایم ڈبلیو ایم کے رہنما علامہ صادق جعفری، علامہ تصور علی مہدی، یاور علی کاظمی، علامہ حیات عباس نجفی، علامہ مبشر حسن، رضی حیدر رضوی، زین رضا و دیگر بھی موجود تھے۔

5:41 صبح اپریل 17, 2026
بریکنگ نیوز:
اوپر تک سکرول کریں۔