گورنر سندھ ہوش کے ناخن لیں! زیارت ہمارا آئینی اور عقیدتی حق ہے، شہریار سید
شیعیت نیوز : مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے ترجمان شہریار سید نے مرکزی میڈیا سیل سے جاری اپنے مذمتی بیان میں کہا ہے کہ گورنر سندھ کامران ٹیسوری ہوش کے ناخن لیں! ہماری عبادات اور زیاراتِ مقاماتِ مقدسہ کو اپنے گندے سیاسی مقاصد کی بھینٹ چڑھانے سے باز رہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہم وہ حسینی ہیں جو سر کٹا سکتے ہیں، مگر راہِ امام حسینؑ سے ایک انچ بھی پیچھے ہٹنے کو تیار نہیں۔ شیعہ قوم نے ہمیشہ جابر حکمرانوں کے سامنے سجدہ نہیں کیا بلکہ ہاتھ کٹوا کر بھی زیارتِ امام حسینؑ کا فریضہ انجام دیا۔
یہ بھی پڑھیں : زیارت ہمارا ایمان ہے، ریمدان بارڈر کی جانب مارچ ہو گا، سینیٹر علامہ راجہ ناصر عباس جعفری
شہریار سید کا کہنا تھا کہ آج یہ کرپٹ اور مسلط شدہ حکمران ٹولہ ہمیں درس دے رہا ہے کہ مذہب کیا ہے اور سیاست کیا؟ ہم ایسے کسی بھی حکم یا پابندی کو نہ ماضی میں تسلیم کرتے تھے، نہ آج کریں گے، جس سے دشمنانِ وطن کے بیانیے کو تقویت ملے۔
انہوں نے گورنر سندھ کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ہم بانیانِ پاکستان کی اولاد ہیں۔ ہمیں یہ وطن عزیز قربانی دے کر ملا ہے اور آئینِ پاکستان نے ہمیں مکمل مذہبی آزادی دی ہے۔ ہم اپنے اس آئینی حق پر کسی کو ڈاکا ڈالنے نہیں دیں گے۔
انہوں نے اعلان کیا کہ حسینی کاروان ہر حال میں کل ریمدان بارڈر کی طرف روانہ ہوگا۔ یہ ہمارا عقیدہ، عزم اور آئینی حق ہے جس پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جا سکتا۔







