ایران اور عراق ایک مورچے میں کھڑے ہیں، اسرائیل کے خلاف جنگ جاری ہے: عراقی وزیر اعظم

21 جولائی, 2025 19:53

شیعیت نیوز : عراقی وزیر اعظم محمد شیاع السودانی نے اعلیٰ سطحی ایرانی پارلیمانی وفد سے ملاقات کے دوران کہا ہے کہ اسلامی جمہوریہ ایران اور عراق ایک ہی مورچے میں کھڑے ہیں، اور امریکہ و اسرائیل کی جانب سے مسلط کردہ جنگ میں عراقی حکومت نے اسرائیلی مظالم کے خلاف دوٹوک مؤقف اپنایا ہے۔

تفصیلات کے مطابق ایرانی پارلیمانی وفد نے آج صبح بغداد میں عراقی وزیر اعظم محمد شیاع السودانی سے ملاقات کی، جس میں دونوں ممالک کے درمیان یکجہتی، خطے کی تازہ صورتحال، اور صہیونی حکومت کے مظالم پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔

وزیر اعظم السودانی نے ایران کو صہیونی حکومت کے خلاف حالیہ جنگ میں کامیابی پر مبارک باد دی اور شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ یہ عظیم کامیابی رہبر معظم انقلاب اسلامی آیت اللہ سید علی خامنہ ای کی حکیمانہ قیادت کا نتیجہ ہے۔

یہ بھی پڑھیں : ایران مزاحمت کا قلعہ، امت مسلمہ متحد: پاکستانی علمائے کرام کی پانچویں آن لائن نشست

انہوں نے کہا کہ اسرائیل بین الاقوامی قوانین کو پامال کر رہا ہے، اور اس کی وحشیانہ کارروائیوں کے خلاف عراق، ایران کے شانہ بشانہ کھڑا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ ایران کو پُرامن ایٹمی توانائی کے استعمال کا مکمل حق حاصل ہے اور کوئی بھی ملک اس پر قدغن لگانے کا مجاز نہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ اسرائیل کا اصل ہدف ایران کی جوہری تنصیبات نہیں بلکہ اس کی مجموعی ترقی، خودمختاری اور مزاحمتی پالیسی ہے، جسے وہ روکنے میں ناکام رہا ہے۔

وزیر اعظم نے مزید کہا کہ صہیونی حکومت ان تمام ممالک کو نشانہ بنا رہی ہے جو اسے تسلیم نہیں کرتے یا فلسطین کی مزاحمت اور شیعہ حکومتوں کی حمایت کرتے ہیں، لہٰذا یہ جنگ جاری ہے اور ہمیں مزید بیداری اور یکجہتی کے ساتھ دشمن کا مقابلہ کرنا ہوگا۔

ایرانی وفد نے اس موقع پر عراق کے عوام، حکومت، اور مرجعیت کے مؤقف پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ایران پر مسلط کردہ جنگ میں عراق نے ایک مثالی کردار ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ اسرائیل کے خلاف ایران کی مزاحمت صرف جغرافیائی دفاع نہیں بلکہ انسانیت اور عالمی انصاف کی جنگ ہے، جس میں صہیونی حکومت کو عالمی سطح پر مجرم قرار دیا جانا چاہیے۔

ایرانی وفد کا کہنا تھا کہ اب امریکہ اور اسرائیل میں کوئی فرق باقی نہیں رہا۔ دونوں کا مقصد مزاحمتی قوتوں کو کچلنا ہے، لیکن خطے کی عوام، قیادت اور مزاحمتی بلاک ان کی سازشوں کو ناکام بنا رہے ہیں۔

7:23 شام اپریل 15, 2026
بریکنگ نیوز:
اوپر تک سکرول کریں۔