ایرانی سفیر کی آیت اللہ بشیر النجفی سے نجف میں ملاقات
شیعیت نیوز : عراق میں جمہوریہ اسلامی ایران کے سفیر محمد کاظم آل صادق نے اپنے وفد کے ہمراہ نجف اشرف میں آیت اللہ العظمیٰ بشیر حسین النجفی سے ملاقات کی۔
یہ ملاقات نجف اشرف میں واقع مرکزی دفتر میں ماہِ محرم الحرام کی ساتویں مجلسِ عزاء کے بعد انجام پائی۔ اس موقع پر آیت اللہ النجفی نے ایرانی سفیر اور ان کے ہمراہ آئے ہوئے وفد کا پرتپاک خیر مقدم کیا۔
یہ بھی پڑھیں : عزاداری امام حسینؑ ایک سماجی جدوجہد ہے: شہید مطہری
گفتگو کے دوران اسلامی دنیا کو درپیش چیلنجز، شیعوں کے مسائل، اور عراق و ایران کے درمیان دینی، ثقافتی و علمی روابط کے فروغ جیسے اہم موضوعات زیر بحث آئے۔ دونوں شخصیات نے امتِ مسلمہ میں اتحاد و یکجہتی کی ضرورت پر زور دیا۔
ایرانی سفیر محمد کاظم آل صادق نے آیت اللہ العظمیٰ بشیر حسین النجفی کی دینی خدمات کو سراہتے ہوئے عالمِ تشیع کے لیے ان کی گراں قدر رہنمائی کو خراج تحسین پیش کیا اور اس امید کا اظہار کیا کہ ایران و عراق کے مابین مذہبی و ثقافتی تعلقات مزید مستحکم ہوں گے۔







