ایرانی مسلح افواج نے اقوام متحدہ کے چارٹر کے تحت دفاع کیا، صہیونی جارحین کو بڑا سبق دیا: ایرانی صدر

04 جولائی, 2025 15:21

شیعیت نیوز: ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے صہیونی حکومت کے دہشتگردانہ اور غیر قانونی حملے کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسلامی جمہوریہ ایران کی مسلح افواج نے ملک کا قانونی دفاع کرتے ہوئے جارحین کو ایک بڑا سبق دیا۔

جمہوریہ آذربائیجان میں اقتصادی تعاون تنظیم (ایکو) کے 17ویں سربراہی اجلاس سے خطاب میں ایرانی صدر نے کہا کہ صہیونی حکومت کا ایران پر حملہ اقوام متحدہ کے منشور کے آرٹیکل 2 کی شق 4 سمیت بین الاقوامی قوانین، ضوابط اور اصولوں کی کھلی خلاف ورزی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: ایران پر اسرائیلی جارحیت خطے کے امن کے لیے خطرہ، پاکستان شدید مذمت کرتا ہے: وزیراعظم شہباز شریف

صدر پزشکیان نے کہا کہ بارہ دن تک جاری رہنے والی اس وحشیانہ جارحیت کے دوران یونیورسٹی اساتذہ، عام شہریوں، بین الاقوامی ایٹمی توانائی ایجنسی کی نگرانی میں جاری پرامن جوہری منصوبوں اور عوامی بنیادی ڈھانچوں کو نشانہ بنایا گیا، جس کے نتیجے میں شدید جانی اور مالی نقصان ہوا۔

انہوں نے کہا کہ اس کے باوجود، ایرانی مسلح افواج نے اقوام متحدہ کے منشور کی شق 51 کے تحت ملک، قوم، خودمختاری اور جغرافیائی سالمیت کا دفاع کیا اور جارحین کو سبق سکھایا، جبکہ خطے میں جنگ کو مزید پھیلنے سے بھی روک دیا۔

صدر ایران نے ایکو تنظیم کے رکن ممالک اور خطے کی ریاستوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے اس بحران کے دوران ذمے دارانہ مؤقف اپنایا۔ انہوں نے کہا کہ دنیا کی کئی تنظیموں اور عالمی اتحادوں نے اسلامی جمہوری ایران پر حملوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے واضح بیانات جاری کیے۔

انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ایکو کی 17ویں سربراہی کانفرنس ایک اہم موقع ہے کہ حالیہ صہیونی جارحیت کی بھرپور مذمت کی جائے اور اس کے نتیجے میں پیدا ہونے والے علاقائی اور عالمی خطرات سے دنیا کو دوبارہ آگاہ کیا جائے۔

صدر پزشکیان نے اپنی تقریر کے اختتام پر کہا کہ ہم اس وقت "ایکو وژن 2025” کے نفاذ کے آخری سال میں ہیں، جو بدقسمتی سے مختلف عالمی وجوہات، خاص طور پر عالمی وباؤں کے باعث، طے شدہ اہداف تک مکمل طور پر نہیں پہنچ سکا۔

انہوں نے ایکو کی بنیاد اور اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ یہ تنظیم دراصل 1964 میں ایران، پاکستان اور ترکی کی جانب سے علاقائی ترقیاتی تعاون کی تنظیم کے طور پر قائم کی گئی تھی۔ حقیقتاً ایکو، ترقی پذیر دنیا میں سب سے پرانا کثیرالجہتی اقتصادی تعاون کا ڈھانچہ ہے۔

5:40 صبح اپریل 15, 2026
بریکنگ نیوز:
اوپر تک سکرول کریں۔