ایران پر اسرائیلی جارحیت خطے کے امن کے لیے خطرہ، پاکستان شدید مذمت کرتا ہے: وزیراعظم شہباز شریف

04 جولائی, 2025 15:17

شیعیت نیوز: آذربائیجان میں اقتصادی تعاون تنظیم (ای سی او) کے سربراہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم پاکستان شہباز شریف نے کہا ہے کہ بدامنی پیدا کرنے والی قوتیں اپنے مقاصد کے لیے خطے میں عدم استحکام چاہتی ہیں۔ ایران پر غیر قانونی اور غیر منطقی اسرائیلی حملے اس رجحان کا تازہ ترین مظاہرہ ہیں۔ پاکستان، ایران کے خلاف اسرائیلی جارحیت کی شدید مذمت کرتا ہے۔ بیرونی جارحیت کے شعلے نے جنوبی ایشیا کو اپنی لپیٹ میں لینے کا خطرہ پیدا کردیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: IAEA مغربی ایجنڈے کا آلہ، اسرائیل کی ایٹمی جارحیت پر خاموشی دوہرے معیار کا ثبوت ہے: ایوانز

وزیراعظم نے مزید کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں ایک بدقسمت واقعے کے بعد بھارت نے غیر ذمہ داری کا مظاہرہ کیا۔ بھارتی اقدامات کا مقصد علاقائی امن کو نقصان پہنچانا تھا۔ دنیا نے پاکستانی عوام اور ہماری بہادر افواج کے پختہ عزم کا مشاہدہ کیا۔ افواجِ پاکستان نے مثالی جرأت اور پیشہ ورانہ مہارت کے ساتھ بھارتی اشتعال انگیزی کا منہ توڑ جواب دیا۔ بھارتی جارحیت کے بعد ای سی او ممالک کی جانب سے پاکستان کے ساتھ یکجہتی پر ہم شکر گزار ہیں۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ غزہ اس وقت تباہی کے دہانے پر ہے۔ ایسا لگتا ہے جیسے وہاں انسانیت کا کوئی وجود نہیں۔ قحط سالی، فاقہ کشی اور امدادی کارکنوں پر اسرائیلی حملے جاری ہیں۔ پاکستان دنیا میں جہاں کہیں بھی بے گناہ عوام پر ظلم ہوتا ہے، وہاں مظلوموں کے ساتھ کھڑا ہے۔ غزہ ہو یا مقبوضہ کشمیر، ہم ہمیشہ مظلوموں کا ساتھ دیں گے۔

وزیراعظم نے بھارت کے آبی جارحیت پر شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بھارت کی جانب سے پانی کو بطور ہتھیار استعمال کرنا نہایت تشویشناک ہے۔ عالمی ثالثی عدالت نے اپنے فیصلے میں بھارتی اقدامات کو مسترد کر دیا ہے۔ سندھ طاس معاہدے کی خلاف ورزی ناقابل قبول ہے کیونکہ پانی پاکستان کے 24 کروڑ عوام کے لیے زندگی کی بنیادی ضرورت ہے۔

انہوں نے دوٹوک انداز میں کہا کہ کسی صورت بھارت کو اس خطرناک راستے پر چلنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔ بھارت کا یہ رویہ پاکستانی عوام کے خلاف براہِ راست جارحیت کے مترادف ہے۔

7:20 صبح اپریل 15, 2026
بریکنگ نیوز:
اوپر تک سکرول کریں۔