صہیونی و امریکی جارحیت پر ایران کی مسلح افواج مکمل تیار، وزیر خارجہ ایران کا وینزویلا سے رابطہ

03 جولائی, 2025 14:12

شیعیت نیوز: اسلامی جمہوریہ ایران کے نائب وزیر خارجہ سید عباس عراقچی نے وینزویلا کے وزیر خارجہ ایوان خیل پینٹو سے ٹیلیفونک گفتگو میں کہا ہے کہ ایران کی مسلح افواج مکمل آمادگی کے ساتھ صہیونی حکومت اور اس کے پشت پناہوں کی کسی بھی مہم جوئی کا ڈٹ کر مقابلہ کرنے کے لیے تیار ہیں۔

ایرانی وزارت خارجہ کے مطابق، دونوں وزرائے خارجہ نے نہ صرف دو طرفہ تعلقات بلکہ حالیہ صہیونی و امریکی جارحیت کے بعد مغربی ایشیا کی تازہ ترین صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا۔

عراقچی نے وینزویلا کی جانب سے اسرائیلی اور امریکی جارحیت کی سخت مذمت کو سراہتے ہوئے اسے اقوام متحدہ کے چارٹر اور بین الاقوامی قوانین کی صریح خلاف ورزی قرار دیا۔

یہ بھی پڑھیں: ایرانی قوم اور افواج مقدس اہداف کے دفاع میں سیسہ پلائی دیوار ہیں، جنرل امیر حاتمی

انہوں نے کہا کہ یہ حملے علاقائی اور عالمی امن و سلامتی کے لیے بے مثال خطرہ بن چکے ہیں۔ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل اور عالمی برادری پر لازم ہے کہ وہ ایران کے خلاف اس کھلی جارحیت پر امریکہ اور اسرائیل کو جواب دہ بنائیں، کیونکہ یہ حملے ایران کی قومی خودمختاری اور سالمیت کے خلاف سنگین اقدام ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ ایران نے 12 روزہ دفاعی جنگ میں جس قوت و وحدت کا مظاہرہ کیا، وہ اس بات کا بین ثبوت ہے کہ ہماری مسلح افواج کسی بھی جارحیت کا پوری قوت سے جواب دینے کے لیے ہمہ وقت تیار ہیں۔

گفتگو کے دوران وینزویلا کے وزیر خارجہ نے ایک بار پھر ایران کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے صہیونی اور امریکی حملوں کی شدید مذمت کی اور رہبر معظم انقلاب، ایرانی حکومت اور عوام سے ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا۔

9:32 صبح اپریل 17, 2026
بریکنگ نیوز:
اوپر تک سکرول کریں۔