ایران کا خلیج فارس میں بارودی سرنگیں نصب کرنے کا دعویٰ، امریکہ کو آبنائے ہرمز کی بندش کا خدشہ

02 جولائی, 2025 15:05

شیعیت نیوز : دو امریکی حکام نے دعویٰ کیا ہے کہ ایرانی فوج نے گزشتہ ماہ خلیج فارس میں اپنے بحری جہازوں پر بارودی سرنگیں نصب کی تھیں، جو ممکنہ طور پر آبنائے ہرمز کو بند کرنے کے لیے استعمال کی جا سکتی تھیں۔

رائٹرز کی ایک خصوصی رپورٹ کے مطابق امریکی انٹیلیجنس کو ان خفیہ تیاریوں کا اس وقت علم ہوا جب اسرائیل نے ایران کے مختلف مقامات پر فضائی حملے کیے۔ ان امریکی حکام نے، جنہوں نے حساس انٹیلیجنس معلومات پر گفتگو کے لیے اپنا نام ظاہر نہ کرنے کی شرط رکھی، بتایا کہ یہ سرگرمی اسرائیل کی جانب سے 13 جون کو کیے گئے میزائل حملے کے بعد دیکھی گئی۔

یہ بھی پڑھیں : ایران اسرائیل جنگ نے مسلم دنیا کو وحدت کے ایک محور پر مجتمع کر دیا، پاکستانی سینیئر سیاستدان

امریکی حکام کے مطابق اگرچہ یہ بارودی سرنگیں تاحال آبنائے ہرمز میں نہیں لگائی گئیں، تاہم اس اقدام سے واشنگٹن میں یہ خدشات شدت اختیار کر گئے کہ ایران دنیا کی سب سے اہم بحری گزرگاہ کو بند کرنے کا ارادہ رکھتا ہے۔ ایسی کسی ممکنہ کارروائی سے عالمی سطح پر تیل اور گیس کی تجارت کو شدید نقصان پہنچ سکتا ہے۔

واضح رہے کہ آبنائے ہرمز سے دنیا کے تقریباً 20 فیصد تیل اور گیس کی رسد گزرتی ہے، اور اس گزرگاہ کی بندش عالمی توانائی کی قیمتوں میں نمایاں اضافے کا باعث بن سکتی ہے۔

رائٹرز کے مطابق یہ واضح نہیں ہو سکا کہ ایران نے یہ سرنگیں کب لوڈ کیں یا بعد میں انہیں اتارا گیا یا نہیں۔ امریکی حکام نے اس بارے میں بھی وضاحت نہیں کی کہ انٹیلیجنس معلومات کیسے حاصل کی گئیں، تاہم عموماً ایسی معلومات سیٹلائٹ تصاویر، خفیہ انسانی ذرائع یا دونوں کے امتزاج سے حاصل کی جاتی ہیں۔

دوسری جانب امریکی محکمہ دفاع نے اس معاملے پر تبصرہ کرنے سے انکار کر دیا ہے، جبکہ اقوام متحدہ میں ایرانی مشن نے بھی رائٹرز کی جانب سے کیے گئے سوالات کا کوئی جواب نہیں دیا۔

9:32 صبح اپریل 15, 2026
بریکنگ نیوز:
اوپر تک سکرول کریں۔