اگر آیت اللہ خامنہ ای کی تصویر ہٹائی گئی تو ہم احتجاج کریں گے: مولانا کلب جواد نقوی
شیعیت نیوز: امام باڑہ غفران مآب میں عشرۂ محرم الحرام کی تیسری مجلس سے خطاب کرتے ہوئے مولانا کلب جواد نقوی نے امام حسینؑ کی عظمت اور فرشِ عزا کی اہمیت پر خطاب کیا۔
مولانا نے کہا کہ امام حسنؑ کو رسول اللہﷺ نے مالکِ حوضِ کوثر اور امام حسینؑ کو شفیعِ روزِ جزا قرار دیا ہے، جس کا ثبوت حدیثِ کسا میں موجود ہے۔ انہوں نے کہا کہ روزِ محشر امام حسینؑ سب سے زیادہ شفاعت کریں گے۔
مولانا نے مزید کہا کہ اگر کسی کو نجات چاہئے تو اُسے سفینۂ نجات میں داخل ہونا ہوگا۔ یہ سفینۂ نجات امام حسینؑ ہیں، جن کے بارے میں پیغمبرِ اسلام نے فرمایا ہے کہ ’’بے شک میرا حسینؑ ہدایت کا چراغ اور نجات کا سفینہ ہے، جو اس میں داخل ہوگیا اُس نے نجات پائی۔‘‘ مولانا نے فرشِ عزا کی عظمت بیان کرتے ہوئے کہا کہ جو ثواب فرشِ عزا پر آکر مجلس سننے کا ہے وہ کسی اور جگہ مجلس سننے سے حاصل نہیں ہوسکتا۔
یہ بھی پڑھیں: آیت اللہ مکارم شیرازی کا فتویٰ: رہبر انقلاب کو دھمکی دینا محاربت ہے
مولانا نے ضلع انتظامیہ کی جانب سے آیت اللہ العظمیٰ سید علی خامنہ ای کی تصاویر ہٹانے کی سخت مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ہم آیت اللہ خامنہ ای کی تصویر مذہبی رہنما کی حیثیت سے لگاتے ہیں اور لگائیں گے، چاہے انتظامیہ کچھ بھی کارروائی کرے۔
مولانا نے کہا کہ اگر یہ حکومت کی پالیسی ہے کہ آیت اللہ خامنہ ای اور آیت اللہ سیستانی کی تصاویر نہیں لگائی جائیں گی، تو پھر یہ بھی اعلان کردیا جائے کہ اب ہندوستان میں نتن یاہو کی سرکار ہے، بھارت کی سرکار کا راج نہیں ہے۔ اسرائیل کی محبت میں سرکار کو اتنا آگے نہیں بڑھنا چاہیے، جس کا نقصان بھارت کو اٹھانا پڑے۔ کیا اب بھارت سرکار ایران سے اپنے تعلقات ختم کرنا چاہتی ہے؟ اگر ایسا ہے تو سرکار اعلان کرے۔ ہمارے آیاتِ عظام کی تصاویر ہر حال میں لگائی جائیں گی۔ اب اگر پرشاسن نے ہٹانے کی کوشش کی تو ہم احتجاج کریں گے۔
مجلس کے آخر میں مولانا نے غلامِ حبشی جناب جونؓ کی شہادت کا واقعہ بیان کیا۔







