ایران و مصر کے صدور کی اہم گفتگو؛ خطے میں امن کی کوششوں پر زور
صدر پزشکیان کا صہیونی سازشوں پر انتباہ، السیسی کا ایرانی حکمت عملی کو خراج تحسین

شیعیت نیوز : ایران کے صدر مسعود پزشکیان نے مصری صدر عبدالفتاح السیسی سے ٹیلیفونک گفتگو میں خطے میں امن اور استحکام کے قیام کے لیے ان کی اور دیگر اسلامی و ہمسایہ ممالک کے رہنماؤں کی کوششوں پر شکریہ ادا کیا۔
انہوں نے گفتگو میں کہا کہ جب امریکہ نے صہیونی حکومت کی ایران پر فوجی جارحیت میں براہ راست حصہ لیا، تو ایران کو مجبوری میں قطر کی سرزمین پر واقع امریکی فوجی اڈے کے خلاف عسکری اقدام کرنا پڑا۔ ایران خطے کے تمام ممالک کو اپنا برادر اور دوست سمجھتا ہے اور اس بات پر ایمان رکھتا ہے کہ ترقی، استحکام اور پیش رفت صرف باہمی تعاون اور تعمیری روابط کے ذریعے ممکن ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اسی لیے صہیونی حکومت اسلامی ممالک کے درمیان اختلاف اور دراڑ پیدا کرنے کے درپے ہے اور ان کے باہمی تعلقات کو گہرا کرنے کی مخالفت کرتی ہے۔
یہ بھی پڑھیں : ملی یکجہتی کونسل سندھ کی ایرانی قونصلیٹ کراچی آمد، رہبر معظم کو خراج تحسین پیش کیا
صدر پزشکیان نے کہا کہ اسلامی جمہوری ایران خطے میں سلامتی کی بہتری، امن و استحکام کے فروغ اور تعمیری تعاون کے لیے پوری طرح تیار ہے۔ ایران ایک ایسے خطے کے قیام کا خواہاں ہے جو ایٹمی اور دیگر مہلک ہتھیاروں سے پاک ہو بشرطیکہ صہیونی حکومت کو بھی اس میں شامل کیا جائے، کیونکہ اس حکومت کی ماضی کی کارکردگی کسی اعتماد کے قابل نہیں رہی۔
انہوں نے اس امید کا اظہار بھی کیا کہ تہران اور قاہرہ کے درمیان رسمی تعلقات جلد از جلد بحال ہوں گے، کیونکہ دونوں ممالک کے درمیان قیادت کی سطح پر سازگار ارادے اور باہمی مفاہمت موجود ہے۔
مصری صدر عبدالفتاح السیسی نے اس گفتگو میں خطے میں جنگ بندی کے قیام پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مشرق وسطی ایک وسیع انتشار کے دہانے پر تھا۔ میں ایران کی دانشمندانہ کوششوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہوں جنہوں نے کشیدگی کو کم کرنے میں مدد دی۔