ایران کا بوشہر ایٹمی پلانٹ دوبارہ بجلی کی پیداوار کے لیے تیار
75 ہزار مکعب میٹر پانی کو میٹھا بنانے کا منصوبہ بھی مکمل، مقامی آبادی کو فائدہ

شیعیت نیوز : ایران کا بوشہر ایٹمی پلانٹ مرمت مکمل ہونے کے بعد دوبارہ بجلی کی پیداوار کے لیے تیار ہے۔
تفصیلات کے مطابق بوشہر نیوکلیئر پاور پلانٹ کے سربراہ رضا بنازادہ نے کہا ہے کہ پلانٹ کو بجلی کی پیداوار کے آغاز کے لیے مکمل طور پر تیار کر لیا گیا ہے، اور رواں مہینے کے اختتام تک بجلی کی پیداوار شروع کر دی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ توانائی کی پیداوار ایک اہم قومی ضرورت ہے، جسے ترجیحی بنیادوں پر پورا کیا جانا چاہیے۔ بوشہر پاور پلانٹ کی تیاری کے تمام مراحل مکمل ہو چکے ہیں، اور اب یہ دوبارہ آپریشن کے مرحلے میں داخل ہو رہا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: ایٹمی افزودگی پر غیر ملکی تسلط قبول نہیں، ایرانی وزیر خارجہ
رضا بنازادہ نے مزید کہا کہ یہ اقدام وزارت توانائی کے نظام الاوقات اور ملکی ضروریات کے مطابق کیا جا رہا ہے، اور جلد ہی باضابطہ طور پر بجلی کی پیداوار شروع ہو جائے گی۔
انہوں نے پانی کی فراہمی سے متعلق منصوبوں کا بھی ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ پلانٹ میں 75 ہزار مکعب میٹر سمندری پانی کو میٹھے پانی میں تبدیل کرنے کے منصوبے کی تکمیل کے بعد مقامی آبادی کو پینے کے پانی کی فراہمی کا عمل بھی شروع ہو جائے گا۔