آیت اللہ سیستانی کا پوپ فرانسس کے انتقال پر اظہارِ تعزیت
نجف اشرف کی تاریخی ملاقات کو ایمان اور بین المذاہب احترام کا سنگ میل قرار دیا گیا

شیعیت نیوز : آیت اللہ سیستانی کے دفتر کی جانب سے جاری ایک بیان میں پوپ فرانسس کے انتقال پر تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا گیا ہے۔
اس بیان میں کہا گیا ہے کہ انتہائی دکھ کے ساتھ، ہمیں ویٹیکن کے روحانی پیشوا پوپ فرانسس کے انتقال کی خبر ملی، جو لوگوں کے ہاں ایک اعلیٰ روحانی مقام پر فائز تھے اور سب کے لیے قابلِ احترام تھے۔
یہ بھی پڑھیں : برابری کی بنیاد پر مذاکرات ممکن، دباؤ یا غنڈہ گردی برداشت نہیں کریں گے: ایرانی صدر کا دوٹوک مؤقف
بیان میں پوپ فرانسس اور مرجع عالی قدر کے درمیان نجف اشرف میں ہونے والی تاریخی ملاقات کا حوالہ دے کر کہا گیا کہ وہ تاریخی ملاقات جس میں پوپ فرانسس اور مرجع عالی قدر نے نجف میں گفت و شنید کی، فریقین کے لیے ایمان کے بنیادی کردار پر زور دینے کے لیے نہایت اہمیت کی حامل تھی۔
آیت اللہ سیستانی کے دفتر کے بیان میں کہا گیا ہے کہ دینی مرجع نے دکھ کی اس گھڑی میں کیتھولک عیسائیوں کے ساتھ ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے ان کے لیے صبر کی تلقین اور پوری انسانیت کے لیے خدا کی رحمت اور سلامتی کی دعا کی ہے۔