عالمِ اسلام کی قیادت کب جاگے گی؟ لیاقت بلوچ کا صیہونی مظالم پر کڑا سوال

10 اپریل, 2025 20:54

شیعیت نیوز : نائب امیر جماعت اسلامی، مجلسِ قائمہ سیاسی قومی امور کے صدر لیاقت بلوچ نے کہا کہ حکومت کا بانی پی ٹی آئی عمران خان سے اڈیالہ جیل میں عدالتی حکم کے باوجود خاندان اور پارٹی رہنماؤں کی ملاقات نہ کرانا توہینِ عدالت اور بنیادی آئینی حقوق کی خلاف ورزی ہے، حکومت اور انتظامیہ عدالتی فیصلوں کا احترام کریں اور پُرامن احتجاج، پرتشدد کارروائیوں اور گرفتاریوں سے گریز کرے۔ ملک کا سیاسی بحران "امّ البحران” بن چکا ہے، حکومت اور سیاسی جمہوری قوتوں کی مشترکہ ذمہ داری ہے کہ آئین، جمہوریت، پارلیمانی اقدار اور عدالتی آزادی کو یقینی بنانے کے لیے سیاسی بنیادوں پر سیاسی بحرانوں کا حل نکالیں۔

لیاقت بلوچ نے کہا کہ بلوچستان، خیبرپختونخوا اور سندھ میں سونے، تانبے، تیل و گیس کے ذخائر کا دریافت ہونا پوری قوم کے لیے حوصلہ اور خوشی کا باعث ہے۔ قومی وحدت اور قومی سلامتی کے لیے ضروری ہے کہ معدنیات، پانی، سی پیک اور قومی شاہراہوں کی تعمیر جیسے قومی ایشوز پر شفاف اور غیرجانبدارانہ متفقہ قومی حکمتِ عملی اپنائی جائے۔

یہ بھی پڑھیں : اسرائیلی پائلٹوں کا غزہ جنگ رکوانے کا مطالبہ، کمانڈر برہم

لیاقت بلوچ نے امریکی سرپرستی میں ناجائز اسرائیلی صیہونی ریاست کی فلسطینیوں پر مسلسل بمباری، انسان و نسل کشی کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ روزانہ کی بنیاد پر درجنوں معصوم نہتے فلسطینی قتل کیے جا رہے ہیں۔ صیہونی ناجائز ریاست نے گزشتہ 36 روز سے بے گھر، تباہ حال فلسطینیوں کی مکمل ناکہ بندی کر رکھی ہے اور ان کے لیے امدادی سامان کی ترسیل کے راستے مسدود اور اسباب بند کر دیے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ صیہونی ریاست کی یہ ڈھٹائی بین الاقوامی طور پر طے شدہ انسانی حقوق کی مسلسل خلاف ورزی اور سفاکیت کی انتہا ہے۔ غزہ میں گزشتہ 17 ماہ سے جاری نسل کشی پر اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل کی خاموشی اور بےبسی انسانیت کی توہین ہے۔ عالمِ اسلام کی قیادت کب تک غفلت، بزدلی اور بے حمیتی کی چادر اوڑھے رہے گی؟ فلسطینی عوام کے جان، مال، عزت و آبرو کی حفاظت کے حوالے سے مسلم لیڈرشپ کا رویہ ذلت اور رسوائی پر مبنی ہے۔ امریکی اسرائیلی شیطانی گٹھ جوڑ سے خطے کو درپیش سنگین خطرات کے مقابلے میں عالمِ اسلام کی قیادت بروقت اقدامات کرے، وگرنہ یہ آگ پورے مشرقِ وسطیٰ میں پھیلے گی تو پھر ان کے لیے روکنا ممکن نہیں رہے گا۔

6:15 صبح مارچ 25, 2026
بریکنگ نیوز:
اوپر تک سکرول کریں۔