صیہونی دراندازی تاریخ کی بدترین وحشیت ہے، پاکستانی وزیر خارجہ
شیعیت نیوز: پاکستان کی وزارت خارجہ کے ترجمان شفقت علی خان کی جانب سے جاری شدہ بیان میں درج ہے کہ "پاکستان کی حکومت فلسطین کے مختلف علاقوں بالخصوص غزہ پر غاصب صیہونیوں کی مسلسل دراندازی کی شدید الفاظ میں مذمت کرتی ہے”۔ شفقت علی خان کے بیان میں آیا ہے کہ "صیہونیوں نے ایسے وحشیانہ انداز میں ہزاروں بے گناہ فلسطینی خواتین، بچوں، طبی اور امدادی کارکنوں کی جان لی ہے جس کی مثال تاریخ میں نہیں ملتی”۔
یہ بھی پڑھیں: اقوام متحدہ کا انتباہ: غزہ میں امدادی کارکنوں کی جانوں کو شدید خطرات
انہوں نے کہا کہ "صیہونیوں نے وحشیانہ اور غاصبانہ رویے کا ایک نیا باب کھول کر رکھ دیا ہے”۔ بیان میں موراگ کوریڈور سمیت مزید فلسطینی سرزمینوں پر ناجائز قبضے میں اضافہ، جبالیا میں اقوام متحدہ کے طبی مرکز کی تباہی (جہاں ۷۰۰ فلسطینی پناہ لیے ہوئے تھے)، اور قبلہ اول مسجد الاقصیٰ پر عید الفطر کے ایام میں دراندازی کو "صیہونیوں کے توسیع پسندانہ اور مجرمانہ رویے کا منہ بولتا ثبوت” قرار دیا گیا۔ شفقت علی خان نے عالمی برادری سے بے گناہ فلسطینیوں کی جانوں کی حفاظت اور مقدس مقامات کے تحفظ کے لیے سنجیدہ قدم اٹھانے کی اپیل کی۔







