عید اصل میں خوشیاں بانٹنے کا نام ہے، سینیٹر علامہ راجہ ناصر عباس جعفری
مجلس وحدت مسلمین کے سربراہ کا امت مسلمہ کو عید پر اتحاد، انصاف اور مظلوموں کی حمایت کا پیغام

شیعیت نیوز : مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے سربراہ علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے عید الفطر کے پرمسرت موقع پر امت مسلمہ کے نام جاری اپنے تہنیتی بیان میں کہا ہے کہ "کلُّ يَومٍ لا يُعصى اللَّهُ فيهِ فَهُوَ يَومُ عيدٍ”
"ہر وہ دن عید ہے جس دن اللہ کی نافرمانی نہ کی جائے۔” (امیر المومنین حضرت علی علیہ السلام)
عید سعید الفطر صرف خوشی کا دن نہیں، بلکہ یہ ہمیں احساس، ہمدردی اور قربانی کا درس دیتا ہے۔ اس دن جب ہم اپنے گھروں میں خوشیوں سے سرشار ہیں، ہمیں ان بہن بھائیوں کو بھی یاد رکھنا چاہیے جو ظلم و جبر کا شکار ہیں، جن کے دل غمزدہ ہیں، اور جو مشکلات میں گھرے ہوئے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: کالعدم لشکر جھنگوی کے مولوی کی اعتکاف معصوم بچے کے ساتھ زیادتی
ہمیں اپنے وطن کے ان بے گناہ اسیروں کو نہیں بھولنا جو ناحق جیلوں میں قید ہیں، اور نہ ہی شہدائے ملت کے ان خانوادگان کو جو اپنے پیاروں کی جدائی کا غم سہہ رہے ہیں۔ ہمیں ان بے گناہ شہداء کو بھی یاد رکھنا ہے جو دہشت گردی کی بھینٹ چڑھے، اور ان کے لواحقین کے دکھ درد میں شریک ہونا ہے۔
اسی طرح، ہمیں اپنے اردگرد موجود مفلس، بے سہارا اور یتیم بچوں کا بھی خیال رکھنا چاہیے تاکہ ہماری خوشیوں میں وہ بھی شامل ہو سکیں۔ یہ عید ہمیں سکھاتی ہے کہ خوشیوں کو دوسروں میں بانٹنا ہی اصل عید ہے۔
ہم ہرگز نہیں بھول سکتے کہ پاراچنار کے مظلوم عوام طویل عرصے سے محصور ہیں، بنیادی ضروریات سے محروم ہیں اور شدید مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں۔ ان کے درد کو محسوس کرنا، ان کے لیے آواز بلند کرنا اور ان کی مدد کے لیے ہر ممکن قدم اٹھانا ہمارا فرض ہے۔ اس عید پر ہمیں ان کے حق میں دعا کرنی چاہیے کہ اللہ تعالیٰ ان کی مشکلات آسان فرمائے اور ظالموں کے حصار کو توڑ دے۔
اسی طرح، ہم پر لازم ہے کہ مظلومینِ جہاں کو بھی یاد رکھیں—غزہ کے نہتے فلسطینی، لبنان کے بہادر مجاہدین، یمن کے مظلوم عوام، جو امریکہ، برطانیہ اور اسرائیل کے سنگین مظالم کا سامنا کر رہے ہیں۔ عید کے دن ہم ان کے ساتھ اپنی یکجہتی کا اظہار کریں، ان کی فتح اور کامیابی کے لیے دعا کریں اور ہر ممکن طریقے سے ان کی مدد کا عزم کریں۔
یہی عید کی اصل روح ہے—اپنی خوشیوں میں مظلوموں کو یاد رکھنا، ان کے درد کو محسوس کرنا، اور حق و انصاف کی راہ میں اپنا کردار ادا کرنا۔
اللہ تعالیٰ اس عید کو ہم سب کے لیے برکت، سلامتی، انصاف اور اتحاد کا ذریعہ بنائے۔