انجینئر حمید حسین نے لیبیا کشتی حادثے میں جاں بحق افراد کی میتیں وصول کرکے ورثاء کے حوالے کر دیں
شیعیت نیوز: مجلس وحدت مسلمین کے رکن قومی اسمبلی انجینئر حمید حسین نے وفاقی وزراء اور دفتر خارجہ کے ذمہ داران کے ہمراہ لیبیا کشتی حادثے میں جاں بحق ضلع کرم (پاراچنار) کے مسافروں کے جنازے اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر وصول کیے اور لواحقین کے حوالے کرتے ہوئے اس سانحے پر گہرے رنج و غم اور لواحقین سے دلی ہمدردی کا اظہار کیا۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان میں بڑھتی ہوئی بے روزگاری، غربت، عدم تحفظ اور نااہل حکمرانوں کی ناقص پالیسیوں کی بدولت نوجوان بہتر مستقبل کی تلاش میں اپنی جانیں گنوا رہے ہیں۔ یہ افسوسناک حقیقت ہے کہ جب نوجوانوں کے لیے روزگار کے مواقع ختم ہو جائیں تو وہ خطرناک راستے اختیار کرنے پر مجبور ہوتے ہیں۔ موجودہ حکومت عوام کی فلاح و بہبود کے بجائے اپنے تشہیری منصوبوں پر قومی خزانہ برباد کر رہی ہے، جبکہ پاکستان کے معصوم شہری روزگار کی تلاش میں غیر ممالک میں جا کر اپنی جانیں گنوا رہے ہیں۔ میں یقین دلاتا ہوں کہ وہ اس سنگین مسئلے کو ایوان میں اٹھائیں گے۔
یہ بھی پڑھیں: حکومت فلسطینی عوام کے حق میں اپنا واضح مؤقف پیش کرے، ملی یکجہتی کونسل
انجینئر حمید حسین نے مزید کہا کہ حکومت کو چاہیے کہ وہ نوجوانوں کے لیے روزگار کے مواقع پیدا کرے اور انہیں بہتر مستقبل فراہم کرنے کے لیے موثر اقدامات کرے۔ انہوں نے زور دیا کہ اس قسم کے المناک واقعات کو روکنے کے لیے قومی سطح پر پالیسیوں میں تبدیلی لانا ضروری ہے۔







