سینیٹر علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کی شہید سید حسن نصراللہ کی تشییع جنازہ میں شرکت
"پاکستان کے عوام ہمیشہ مظلومینِ فلسطین و مقاومت کے ساتھ کھڑے ہیں"

شیعیت نیوز: پاکستان کے عوام ہمیشہ مظلومینِ فلسطین و مقاومت کے ساتھ کھڑے ہیں اور ہر محاذ پر ان کی حمایت جاری رکھیں گے۔
سربراہ مجلس وحدت مسلمین پاکستان سینیٹر علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے بیروت میں منعقدہ شہدائے راہِ قدس کی تقریب میں شرکت کی۔ تقریب میں مختلف ممالک کے قائدین، علماء اور شخصیات نے بھی شرکت کی اور شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔
اسلام آباد (23 فروری 2025ء) — سربراہ مجلس وحدت مسلمین پاکستان سینیٹر علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے بیروت میں شہدائے قدس کی تشییع جنازہ کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ آج کا دن امتِ مسلمہ کے لیے صبر، عزم اور تجدیدِ عہد کا دن ہے۔ آج ہم شہیدِ راہِ قدس، سید حسن نصراللہ اور شہید ہاشم صفی الدین کی تشییعِ جنازہ کے غم انگیز لمحے سے گزر رہے ہیں۔ آج ہم غزہ کے شہداء، بالخصوص شہید اسماعیل ہنیہ اور شہید مجاہد یحییٰ سنوار سمیت شہدائے غزہ و فلسطین و لبنان کو عقیدت و محبت کے نذرانے پیش کر رہے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: سید نصراللہ کے راستے پر آخری دم تک قائم رہیں گے، سربراہ حزب اللہ شیخ نعیم قاسم
انہوں نے کہا کہ وہ سب جو معرکۂ حق و باطل میں راہِ قدس کے شہداء میں شامل ہوئے، آج ہم ان کی عظیم قربانیوں کو یاد کرتے ہیں اور ان کی راہ پر چلنے کا عہد کرتے ہیں۔ یہ شہداء محض فرد نہیں، بلکہ ایک نظریہ، ایک پیغام، اور ایک لازوال داستان ہیں۔ ایسی داستان جو ہمیں سکھاتی ہے کہ ظلم کے ایوانوں کو لرزانے کے لیے اسلحے سے زیادہ ایمانی قوت درکار ہوتی ہے۔
علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے کہا کہ آج ہم اس مبارک سرزمین انبیاء علیھم السلام (فلسطین و لبنان) کے ان جاں نثاروں کو سلام پیش کرتے ہیں جنہوں نے اپنی قیمتی جانوں کا نذرانہ دے کر یہ ثابت کیا کہ مظلوموں کی حمایت میں ڈٹ جانے والے کبھی کمزور نہیں ہوتے۔
انہوں نے مزید کہا کہ حزب اللہ، حماس، اور مقاومتِ اسلامی کے وہ غیور مجاہدین، جنہوں نے یمن و عراق کے میدان کارزار میں اپنی جانیں ہتھیلی پر رکھ کر غزہ و فلسطین کے مظلومین کی حمایت میں وقت کے فرعونوں کو للکارا، وہ درحقیقت امت کے ضمیر کی آواز ہیں۔ یہ قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔ وہ دن اب زیادہ دور نہیں جب بیت المقدس آزاد ہوگا، جب مظلوموں کی صدائیں اور استقامت ظالموں کے تخت و تاج الٹ دیں گی، جب امریکہ اور اسرائیل جیسی غاصب طاقتوں کا نام و نشان مٹ جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ آج ہم غزہ و فلسطین کے مجاہدین کو یہ پیغام دیتے ہیں کہ دنیا بھر کے تمام باشعور انسان آپ کے ساتھ ہیں۔ یہ معرکہ حق اور باطل کے درمیان ہے، اور کامیابی، ان شاء اللہ، اہلِ حق کا مقدر ہے۔