اہم ترین خبریںپاکستانپاکستان کی اہم خبریں

عمران خان کا بڑا فیصلہ: علی امین گنڈاپور کو خیبرپختونخوا کی صدارت سے ہٹا دیا

عمران خان کی ہدایت پر پی ٹی آئی خیبرپختونخوا میں تنظیمی تبدیلیاں، جنید اکبر کو صدر منتخب کیا گیا

شیعیت نیوز: خیبرپختونخوا کے وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور کو پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے پی کی صوبائی صدارت سے ہٹا دیا گیا ہے۔ پی ٹی آئی رہنما سلمان اکرم راجہ نے راولپنڈی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ علی امین گنڈاپور کو صدارت سے سبکدوش کیا گیا، اور رکن قومی اسمبلی جنید اکبر کو پی ٹی آئی خیبرپختونخوا کا نیا صدر نامزد کیا گیا ہے۔

سلمان اکرم راجہ کا کہنا تھا کہ یہ فیصلہ عمران خان کی جیل میں جنید اکبر سے ملاقات کے دوران کیا گیا۔ ملاقات میں ایم این اے عاطف خان، اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی ملک احمد خان بچھر، اور ایم پی اے میاں فرحت عباس بھی شریک تھے۔ علاوہ ازیں، پی ٹی آئی کی سابق رکن قومی اسمبلی عالیہ حمزہ کو پنجاب میں اہم تنظیمی عہدہ ملنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: لاہور کالعدم سپاہ صحابہ کی شبیہہ ذوالجناح پر فائرنگ، نگران عرفان مبشر شہید

پی ٹی آئی رہنما نے مزید کہا کہ اگر حکومت مذاکراتی کمیٹی کی ملاقات 28 جنوری کو کراتی ہے، تو پارٹی اپنے اگلے لائحہ عمل پر غور کرے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ ہمارا موقف یہ ہے کہ حکومت پہلے کمیشن بنائے، تاکہ مسائل حل ہو سکیں۔

دوسری جانب پی ٹی آئی کے نومنتخب صوبائی صدر جنید اکبر نے سوشل میڈیا پر اپنے بیان میں عمران خان کا شکریہ ادا کیا کہ انہیں اس اہم عہدے کے لیے منتخب کیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ انہیں علی امین، عاطف خان، اور شاہ فرمان کے مشورے سے نامزد کیا گیا۔ جنید اکبر نے بتایا کہ انہوں نے اپنے سیاسی کیرئیر کا آغاز گاؤں کی صدارت سے کیا تھا اور مڈل کلاس طبقے سے ہونے کے باوجود وہ محنت کی بدولت اس مقام تک پہنچے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پارٹی میں کسی قسم کی گروپ بندی کی گنجائش نہیں ہے۔ "ہم ایک تھے، ایک ہیں، اور ان شاءاللہ ایک رہیں گے۔”

متعلقہ مضامین

Back to top button