مولانا مزمل حسین فصیح کی گرفتاری عوامی مینڈیٹ کی توہین ہے، شبیر حسین ساجدی

24 جنوری, 2025 19:06

شیعیت نیوز: مجلس وحدت مسلمین خیبر پختونخوا کے صوبائی جنرل سیکرٹری و ممبر قومی جرگہ شبیر حسین ساجدی نے کہا ہے کہ مجلس وحدت مسلمین کے ضلعی صدر و تحصیل میئر آغا مزمل حسین فصیح کی گرفتاری انتہائی افسوسناک ہے۔ ان کا جرم یہ ہے کہ انہوں نے ضلع کرم کے راستوں کی بندش کے خلاف دھرنے کی قیادت کی اور 5 لاکھ آبادی کے محاصرے میں گھرے ہونے کے خلاف آواز اٹھائی۔ مولانا مزمل حسین فصیح کی اپیل پر ہی ملک بھر میں عوام نے دھرنے دئیے تھے۔

انہوں نے کہا کہ آج مظلومین کے لئے آواز اٹھانا بھی جرم بن گیا ہے۔ ایک عوامی نمائندے کو گرفتار کر کے پاراچنار سے نکال کر کسی نامعلوم مقام پر منتقل کرنا عوامی مینڈیٹ کی توہین ہے۔ ایسے ہتھکنڈوں سے ہم پہلے بھی نہیں ڈرے اور آج بھی میدان میں حاضر رہیں گے۔

یہ بھی پڑھیں: پاراچنار کے لیے 1500 کلو وزنی ادویات کی کھیپ روانہ

شبیر حسین ساجدی نے مزید کہا کہ مولانا مزمل حسین فصیح کی رہائی تک چین سے نہیں بیٹھیں گے۔ صوبائی حکومت اور سیکورٹی اداروں کی اس گھناؤنی حرکت کی بھرپور مذمت کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ضلع کرم میں دہشت گردی میں ملوث دہشت گرد آزاد گھوم رہے ہیں، مگر اتحاد بین المسلمین کے داعی اور شیعہ سنی جوانوں کو اکٹھا کرنے والی توانا آواز کو گرفتار کرنا ضلع کرم کی عوام کے ساتھ ناانصافی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہم علاقے میں امن و امان اور شیعہ سنی وحدت کے علمبردار ہیں اور کبھی اپنے مقصد سے پیچھے نہیں ہٹیں گے۔ ہمارا صوبائی اور وفاقی حکومت سے مطالبہ ہے کہ مولانا مزمل حسین فصیح کو جلد از جلد رہا کیا جائے اور کرم امن معاہدے کے مطابق ٹل پاراچنار روڈ کو محفوظ بنایا جائے۔

انہوں نے کہا کہ پاراچنار میں غذائی اجناس، ادویات، پٹرولیم مصنوعات اور ایندھن کی کمی کو پورا کیا جائے۔ ان عوامی مطالبات پر عمل نہ کرنا یہ ظاہر کرے گا کہ حکومتی ذمہ داران علاقے میں امن لانے کی بجائے حالات کو خراب کرنے کی منصوبہ بندی پر عمل پیرا ہیں۔

7:48 صبح مارچ 24, 2026
بریکنگ نیوز:
اوپر تک سکرول کریں۔