اس وقت کرم کے عوام پر ہر لمحہ قیامت جیسا ہے مگر حکومت نے کوئی اقدامات نہیں کیے، ایم این اے حمید حسین
شیعیت نیوز: مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے پارلیمانی لیڈر ایم این اے انجینئر حمید حسین نے حکمرانوں کے پارا چنار کے بارے میں رویے پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ ٹل-پاراچنار روڈ گزشتہ 105 دنوں سے بند ہے۔ علاقے میں ادویات، پیٹرولیم مصنوعات اور گیس پر مشتمل ایک بھی گاڑی نہیں پہنچائی گئی، جبکہ دیگر سامان بھی لاکھوں کی آبادی کے لیے ناکافی ہے۔
انہوں نے کہا کہ مرکزی حکومت، صوبائی حکومت سے بالکل تعاون نہیں کر رہی۔ مجھے کل اسپیکر قومی اسمبلی کی جانب سے اس مسئلے پر بات کرنے کی اجازت نہیں دی گئی۔ روڈ کی سیکورٹی کے لیے ہمیشہ فوج اور ایف سی نے کردار ادا کیا ہے، مگر اب چند پولیس اہلکاروں سے روڈ کھلوانا ناممکن ہے۔ صوبائی اور مرکزی حکومتیں شدید مشکلات میں گھری ضلع کرم کی عوام پر رحم کریں اور مل کر عوامی ریلیف کے لیے کردار ادا کریں۔
یہ بھی پڑھیں: ایک ایٹمی ملک میں کالعدم لشکر جھنگوی کے دہشتگردوں کا کھلے عام راج: پاراچنار کے مظلوم عوام کا غذائی کنوائی لوٹ لیا گیا
ایم این اے حمید حسین نے کہا، "میں نے قومی اسمبلی میں ضلع کرم کے لیے ہر طرح سے صدائے احتجاج بلند کیا ہے۔ حکمرانوں پر مشتمل تمام بااثر شخصیات بشمول وزیراعظم پاکستان شہباز شریف سے بھی ملاقات کی ہے اور انہیں ضلع کرم پاراچنار کی مخدوش صورتحال سے آگاہ کیا ہے۔ معلوم نہیں ان کے سینے میں کون سا دل ہے جو مظلوم عوام کے لیے بالکل نہیں دھڑکتا۔ اس وقت کرم کے عوام پر ہر لمحہ قیامت جیسا گزر رہا ہے، مگر ضلع کرم کے لیے ابھی تک مخلصانہ اقدامات نہیں کیے گئے، جو انتہائی تکلیف دہ اور افسوسناک بات ہے۔”
انہوں نے وزیراعظم اور آرمی چیف سمیت تمام حکمرانوں سے مطالبہ کیا کہ کرم کی مرکزی روڈ کھولنے اور معاہدے پر عمل درآمد کروانے کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں۔







