پاراچنار کے مظلومین کے حق میں جیکب آباد میں ایم ڈبلیو ایم کا احتجاجی دھرنا

27 دسمبر, 2024 15:30

شیعیت نیوز: مجلس وحدت مسلمین پاکستان ضلع جیکب آباد کے زیر اہتمام پارہ چنار کی مظلوم عوام سے اظہار یکجہتی کے لیے احتجاجی دھرنا دیا گیا۔

احتجاجی دھرنے سے خطاب کرتے ہوئے مرکزی رہنما علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا کہ ہم پاراچنار کے مظلومین کی حمایت میں یہ احتجاج کر رہے ہیں۔ لہٰذا وفاقی و صوبائی حکومت سے مطالبہ ہے کہ پاراچنار کے مظلوموں کے قاتلوں کو فوری طور پر گرفتار کیا جائے اور پاراچنار کا محاصرہ ختم کروا کر وہاں ادویات اور خوراک کی رسد کو یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ہم اسلامی جمہوریہ پاکستان کے شہری ہیں، ہمارا آئینی و قانونی حق ہے کہ ہمیں تحفظ فراہم کیا جائے اور دہشتگردوں کو لگام دے کر کیفرکردار تک پہنچایا جائے۔

یہ بھی پڑھیں: پارہ چنار کے مظلوموں کے حق میں مظفرآباد دھرنا تیسرے روز میں داخل

انہوں نے خبردار کیا کہ اگر مطالبات تسلیم نہ کیے گئے تو اگلے مرحلے میں مرکزی شاہراہوں پر دھرنے دے کر پاراچنار کے راستے کھلنے تک پورے ملک کے تمام راستے بند کیے جائیں گے۔ علامہ مقصود ڈومکی نے کہا کہ گذشتہ تین ماہ سے پاراچنار کے عوام کا محاصرہ کیا گیا ہے۔ پاراچنار کے روڈ اور راستے بند ہیں۔ کانوائے کے دوران فوج اور ایف سی کی موجودگی میں مرد، خواتین، اور بچوں کو بیدردی سے شہید کیا گیا۔ اس وقت پاراچنار میں ادویات اور خوراک کی شدید قلت ہے۔

ضلعی صدر ایم ڈبلیو ایم نذیر حسین جعفری نے کہا کہ قائد وحدت مرد مجاہد علامہ راجہ ناصر عباس جعفری صاحب کے حکم پر پورے ملک میں پاراچنار کے مظلوم عوام پر مظالم کے خلاف دھرنے دیے جا رہے ہیں۔ اسی طرح ضلع جیکب آباد کے مختلف مقامات پر کل احتجاج کیا جا رہا ہے۔

سید غلام شبیر نقوی نے کہا کہ بار بار توجہ دلانے کے باوجود مسائل کو حل نہ کرنا حکومت کی مجرمانہ خاموشی کو ظاہر کرتا ہے۔ ہم اس احتجاج کے توسط سے حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ جلد از جلد پاراچنار کے راستے کھولے جائیں اور وہاں کے محب وطن لوگوں کے جان و مال کی حفاظت کی جائے۔ اگر مطالبات تسلیم نہیں کیے گئے تو احتجاج کا دائرہ مزید وسیع کیا جائے گا۔

8:03 صبح اپریل 15, 2026
بریکنگ نیوز:
اوپر تک سکرول کریں۔