پارہ چنار کے مظلوموں کے حق میں مظفرآباد دھرنا تیسرے روز میں داخل
شیعیت نیوز: پارہ چنار میں جاری مظالم اور نسل کشی کے خلاف مظفرآباد کے آزادی چوک میں سینٹرل پریس کلب کے سامنے دھرنا آج تیسرے روز میں داخل ہو گیا۔ مجلس علماء مکتب اہلبیت آزاد کشمیر کی قیادت میں یہ دھرنا مظلوموں کے حق میں بھرپور احتجاج اور یکجہتی کا مظہر بن گیا ہے۔
دھرنے کے شرکاء کا کہنا ہے کہ پارہ چنار کے معصوم شہریوں کو نشانہ بنانا ناقابل برداشت ہے۔ مظاہرین نے حکومت اور عالمی اداروں سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ فوری طور پر نسل کشی کا نوٹس لیں اور اس کے خاتمے کے لیے عملی اقدامات کریں۔
یہ بھی پڑھیں: پارہ چنار کے مظلوموں کے لیے انصاف کے حصول تک احتجاج جاری رہے گا، علامہ حسن ظفر نقوی
احتجاج میں وکلاء، سول سوسائٹی، اور تاجر رہنماؤں نے بھی شرکت کی اور دھرنے کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا۔ شرکاء کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے، جو اس احتجاج کی عوامی حمایت کا واضح ثبوت ہے۔
مجلس علماء مکتب اہلبیت کے رہنماؤں نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پارہ چنار کے مظلوم عوام کو تنہا نہیں چھوڑا جائے گا۔ یہ احتجاج اس وقت تک جاری رہے گا جب تک نسل کشی ختم نہیں ہوتی اور مظلوموں کو ان کے حقوق فراہم نہیں کیے جاتے۔







