پارہ چنار کے مظلوموں کے لیے انصاف کے حصول تک احتجاج جاری رہے گا، علامہ حسن ظفر نقوی
شیعیت نیوز: مجلس وحدت مسلمین کا نمائش چورنگی کراچی پر تیسرے روز بھی احتجاجی دھرنا جاری ہے۔ احتجاجی دھرنے میں ملت جعفریہ سے تعلق رکھنے والی تنظیموں، علماء کرام، شخصیات و اکابرین نے شرکت کی اور شرکاء سے اظہار یکجہتی کیا۔
دھرنے میں علامہ حسن ظفر نقوی، علامہ صادق تقوی، علامہ مختار امامی، علامہ رضا جعفری، علامہ مبشر حسن، معروف نوحہ خواں میر حسن میر، مسلم مہدوی سمیت دیگر نے خطاب کیا۔
احتجاجی دھرنے سے خطاب کرتے ہوئے مرکزی رہنما علامہ حسن ظفر نقوی نے کہا کہ شدید سردی میں خواتین، بچوں، بزرگوں کے ہمراہ احتجاج جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا احتجاج پُرامن ہے، ماضی میں بھی ہزارہ برادری پر ظلم کے خلاف ملک گیر احتجاج کیا تھا، جس میں کسی قومی املاک کو نقصان نہیں پہنچایا گیا۔
یہ بھی پڑھیں: پاراچنار بین الاقوامی سازشوں کا شکار، مظلوم عوام کے مطالبات فوری تسلیم کیے جائیں: علامہ اقتدار نقوی
علامہ حسن ظفر نقوی نے مزید کہا کہ ہزارہ ٹاؤن ہو، پاراچنار، گلگت بلتستان، کراچی، سانحہ حیدری مسجد، امام بارگاہ علی رضا، نشتر پارک، عاشورا و اربعین یا آرمی پبلک اسکول، ملک بھر میں دہشتگردوں کا چہرہ واضح ہے۔
انہوں نے کہا کہ وطن میں انصاف کے حصول کے لیے جب تک احتجاج کرنا پڑا، کریں گے۔ ملک کو سب سے زیادہ نقصان انتہا پسندی اور نااہل سیاستدانوں نے پہنچایا۔ دہشتگردی کے عفریت نے ملک کے امن کو تباہ کر دیا ہے۔
علامہ حسن ظفر نقوی کا کہنا تھا کہ ہم محب وطن ہیں، کسی سیاسی جماعت یا بیوروکریسی کے سرٹیفکیٹ کی ضرورت نہیں۔ انہوں نے کہا کہ آباؤ اجداد نے وطن کے حصول سے لیکر آج تک ملت جعفریہ نے اپنے خون سے اس ملک کی آبیاری کی ہے۔ ہزاروں ڈاکٹرز، انجینئرز، تاجر، علماء و اکابرین کو دہشتگردی کا نشانہ بنایا گیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ آج پاراچنار سمیت ملک کے بیشتر حصے اندرونی و بیرونی دشمنوں کے زیر اثر ہیں، اور ملک میں آخری دہشتگرد کے خاتمے تک احتجاج جاری رہے گا۔
دریں اثناء احتجاجی دھرنے میں دعائیہ اجتماع، مجلس عزاء، اور شہدائے پاکستان کے لیے فاتحہ خوانی بھی کی گئی۔







