پاراچنار بین الاقوامی سازشوں کا شکار، مظلوم عوام کے مطالبات فوری تسلیم کیے جائیں: علامہ اقتدار نقوی
شیعیت نیوز: مجلس وحدت مسلمین کے صوبائی صدر علامہ اقتدار حسین نقوی نے دیگر رہنماؤں کے ساتھ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ پاراچنار بین الاقوامی سازشوں کا شکار ہے۔ کئی دہائیوں سے ایک سازش کے تحت کرم کے مظلوم عوام کا قتل عام کیا جا رہا ہے اور بدقسمتی سے اس کے مجرم وہ لوگ ہیں جنہوں نے پاراچنار کے راستے بند کیے ہوئے ہیں اور جو اس بدامنی کے ذمہ دار ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ملتان میں دیے گئے دھرنے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
اس موقع پر مرکزی ڈپٹی جنرل سیکرٹری سلیم عباس صدیقی، صوبائی صدر مکتب علما اہل بیت علامہ قاضی نادر علوی، صوبائی صدر عزاداری ونگ جنوبی پنجاب انجینئر سخاوت علی سیال، علامہ غلام مصطفی انصاری، اور ڈویژنل جنرل سیکرٹری وحدت یوتھ ملتان ارتضی علی نقوی بھی موجود تھے۔
مجلس وحدت مسلمین کے رہنماؤں نے کہا کہ چند ہفتے قبل پولیس اور ریاستی اداروں کی موجودگی میں سو سے زائد بے گناہ کرم کے باسیوں کو شہید کیا گیا جن میں خواتین، جوان اور چھ ماہ کے بچے شامل تھے۔ یہ سانحہ ریاستی اداروں کی موجودگی میں پیش آیا، جس سے قاتلوں اور ریاستی اداروں کے گٹھ جوڑ کا واضح اشارہ ملتا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: حکومت پاراچنار کے مظلوموں کے مطالبات پورے کرے، علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کا کراچی دھرنے سے خطاب
علامہ اقتدار حسین نقوی نے مزید کہا کہ وارثان شہدا پاراچنار میں لاشوں کے ساتھ دھرنا دیے بیٹھے ہیں۔ قائد وحدت علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کی ہدایت پر پورے ملک میں احتجاجی دھرنوں کا آغاز ہو چکا ہے، جن میں اسلام آباد، کراچی، لاہور، ملتان، کوئٹہ، سکردو، گلگت بلتستان، ڈی جی خان، جھنگ سمیت مختلف شہروں میں عوام بھرپور شرکت کر رہے ہیں۔
انہوں نے صوبائی اور وفاقی حکومت کے علاوہ ریاستی اداروں کی بے حسی کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ کرم پاراچنار کے راستے 78 دنوں سے بند ہیں، سات لاکھ افراد محصور ہو چکے ہیں۔ غذائی اجناس اور ادویات کی قلت کے باعث انسانی المیہ جنم لے رہا ہے۔ تمام ہسپتال بند ہیں اور معمولی ادویات بھی دستیاب نہیں۔
علامہ اقتدار حسین نقوی نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ پاراچنار کے راستے فوری طور پر کھولے جائیں اور ذمہ دار عناصر کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔







