اہم ترین خبریںایرانمقبوضہ فلسطین

مسلمان متحد ہوتے تو اسرائیل کی جارحیت ممکن نہ ہوتی، صدر پزشکیان

اسرائیل کے جارحانہ اقدامات تمام مسلمانوں کے لئے خطرہ، اتحاد وقت کی ضرورت: صدر ایران

شیعیت نیوز: ایران کے صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان نے کہا ہے کہ کسی بھی ملک کے ساتھ ہماری جنگ نہیں ہے، لیکن ہم اپنے ملک کی سرحدوں کی حفاظت کریں گے اور کسی کو بھی ایران کی حدود میں داخل ہونے کی اجازت نہیں دیں گے۔

صدر مسعود پزشکیان نے شمالی خراسان کے عوام کے مختلف طبقوں سے تعلق رکھنے والوں کے ایک عام اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم کسی کو بھی ملک کی سرحدوں کے خلاف جارحانہ کارروائیاں کرنے کی اجازت نہیں دیں گے۔

یہ بھی پڑھیں: کرم فسادات میں شیعہ سنی کا کوئی کردار نہیں، تیسری قوت ملوث ہے: علامہ احمد اقبال رضوی

صدر پزشکیان نے کہا کہ آج اسرائیل اپنی چھوٹی سی آبادی کے باوجود اپنے جارحانہ اقدامات کے ذریعے تمام مسلمانوں کو قتل و غارت گری کی طرف لے جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر تمام مسلمان متحد ہوتے اور ایک دوسرے کا ساتھ دیتے تو کیا اسرائیل کے اندر مسلم ملکوں سے مقابلہ کرنے کی ہمت ہوسکتی تھی؟

انہوں نے عالم اسلام سے سوال کیا کہ اگر مسلم ممالک اسرائیل کو اپنی توانائی کے ذخائر بند کرنے کی دھمکی دے دیتے تو کیا اس کے پاس ایسی مجرمانہ کارروائیاں کرنے کی جرأت ہوتی؟

صدر پزشکیان نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ خطے اور دنیا میں امن و سلامتی کا غلبہ ہو اور سب امن و سلامتی کے ساتھ مل جل کر زندگی گزاریں۔ آخر میں انہوں نے کہا کہ ہم خطے کے ممالک کے ساتھ اپنے تعلقات کو بہتر بنا رہے ہیں اور یہ چاہتے ہیں کہ خطے اور دنیا میں امن و سلامتی کا بول بالا ہو۔

متعلقہ مضامین

Back to top button