پاراچنار تکفیری محاصرے کا شکار، پاکستان کے مختلف شہروں میں احتجاجی دھرنے
شیعیت نیوز: پاکستان کے شمال مغرب میں واقع سرحدی شہر پاراچنار گذشتہ دو مہینوں سے زیادہ عرصے سے تکفیری وہابیوں کے محاصرے میں ہے۔ شہر میں نقل و حمل کے وسائل پر پابندی اور سرحدیں بند ہونے کی وجہ سے شہری زندگی کی بنیادی ضروریات کے لئے ترس رہے ہیں۔
مقامی ذرائع کے مطابق ہسپتالوں میں ادویہ جات کی کمی کی وجہ سے مریضوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔ 73 دنوں سے محاصرے کی وجہ سے شہر میں قحطی کی صورتحال پیدا ہوگئی ہے۔ 4 لاکھ کی آبادی پر مشتمل شہر کو مختلف حوالوں سے بحران درپیش ہے۔
ہسپتال ذرائع کے مطابق طبی مراکز میں دوائیوں کی قلت کی وجہ سے اب تک مجموعی طور پر 50 بچے اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں۔ سردی کے موسم میں شہری ایندھن کی کمی کی وجہ سے سردی سے ٹھٹھر رہے ہیں۔
پشاور شہر کی طرف جانے والا مرکزی شاہراہ بند ہے۔ راستے میں موجود تکفیری عناصر پاراچنار جانے والے شہریوں کو موت کے گھاٹ اتارتے ہیں۔ تازہ ترین واقعے میں پشاور سے پاراچنار جانے والے دو جوانوں کو تکفیریوں نے راستے میں گاڑی سے اتار کر شہید کردیا۔ عینی شاہدین کے مطابق دونوں جوانوں کے سر کاٹ کر جسموں کو سڑکوں پر گھمایا گیا۔
ذرائع نے کہا ہے کہ دونوں جوان عراق میں کئی سال مزدوری کرنے کے بعد اپنے آبائی علاقے پاراچنار واپس جارہے تھے تاہم راستے میں دونوں بے گناہ جوان تکفیریوں کے ہتھے چڑھ گئے۔







