اہم ترین خبریںپاکستانپاکستان کی اہم خبریں

پاراچنار کے مظلومین کے حق میں لاہور میں دھرنا، اہلسنت قیادت کی شرکت

اہلسنت قائدین کی ریاست پر تنقید، امن و امان کی بحالی کے لیے فوری اقدامات کا مطالبہ

شیعیت نیوز: لاہور پریس کلب کے باہر مجلس وحدت مسلمین اور امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کے زیراہتمام مظلومین پاراچنار کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے دھرنا آج دوسرے روز بھی جاری رہا۔ اس دھرنے میں اہلسنت قائدین نے بھی شرکت کی اور پاراچنار کے مظلومین سے یکجہتی کا اظہار کیا۔

ممتاز اہلسنت رہنما اور کل مسالک علماء بورڈ کے چیئرمین مولانا عاصم مخدوم اور صوبائی صدر انٹرفیتھ کونسل علامہ قاری خالد محمود نے دھرنے میں شرکت کی اور پاراچنار کے مظلومین کی حمایت کی۔ مولانا عاصم مخدوم نے ’’اسلام ٹائمز‘‘ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ملک کے شہریوں کی حفاظت ریاست کی ذمہ داری ہے، مگر افسوس کہ پاراچنار میں شہری غیر محفوظ ہیں۔

انہوں نے کہا کہ یہ صوبائی حکومت کی مکمل ناکامی ہے کہ نہ تو راستے کھلوا سکی اور نہ ہی مٹھی بھر تکفیری عناصر کے خلاف کارروائی کی گئی۔ انہوں نے مزید کہا کہ ایک منظم سازش کے تحت قبائل کی لڑائی کو مذہبی رنگ دے کر اس آگ کو بھڑکایا جا رہا ہے۔

یہ بھی پڑھیں : سرکٹے مظلوم شہداء کے جنازوں کے ساتھ پاراچنار میں احتجاجی دھرنا جاری

مولانا عاصم مخدوم نے کہا کہ ہم کے پی کے حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ کرم کے بند راستے فوری کھلوائے جائیں، ادویات اور خوراک کی فراہمی یقینی بنائی جائے، اور قیام امن کے لیے گرینڈ جرگہ اپنا کردار ادا کرے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ اس معاملے میں غیر ملکی قوتوں کی مداخلت نظر آتی ہے جو اس مسئلے کو حل ہونے نہیں دیتیں۔

اس موقع پر ایم ڈبلیو ایم پاکستان کے وائس چیئرمین علامہ احمد اقبال رضوی، علامہ حسن رضا ہمدانی، سیٹھ عدنان علی، امیر عباس مرزا، سید زوہیب حسن اور سید صائم نقوی سمیت دیگر رہنما بھی موجود تھے۔ علامہ حسن رضا ہمدانی نے ’’اسلام ٹائمز‘‘ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جب تک پاراچنار میں مظلومین کا دھرنا جاری ہے، ہم ان کے ساتھ یکجہتی کے لیے یہاں موجود رہیں گے۔

انہوں نے حکومت کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ مظلومین پاراچنار کے مطالبات فوری پورے کیے جائیں۔ بصورت دیگر ملک کے تمام چھوٹے بڑے شہروں میں احتجاجی دھرنے شروع ہوں گے اور پورا ملک جام ہو سکتا ہے۔ حکمران ہوش کے ناخن لیں اور عوامی مطالبات پورے کریں۔

متعلقہ مضامین

Back to top button