بلوچستان میں دہشتگردوں کا حملہ: 20 مزدور جاں بحق، سات زخمی
وزیراعظم کی حملے کی مذمت، دہشتگردوں کو انجام تک پہنچانے کے عزم کا اظہار
شیعیت نیوز: بلوچستان کے علاقہ دکی کی ضلعی انتظامیہ کے مطابق حملے کے نتیجے میں بیس مزدور جاں بحق جبکہ سات زخمی ہوئے۔ حملہ آوروں نے دس کوئلہ کانوں کے انجن بھی آگ لگا کر نذر آتش کر دیے۔ دکی کے ضلع چیئرمین حاجی خیر اللہ ناصر نے بتایا کہ حملے میں ہینڈ گرنیڈ اور راکٹ لانچر سمیت دیگر بڑے ہتھیار استعمال کیے گئے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ کوئلے کی کانوں پر حملے میں اموات کی تعداد بڑھنے کا خدشہ ہے۔ اس وقت تمام زخمیوں کو ہسپتال منتقل کیا جا چکا ہے۔
ایس ایچ او دکی ہمایوں خان ناصر کا کہنا ہے کہ مسلح افراد نے مزدوروں کو ٹولیوں کی شکل میں اکٹھا کر کے ان پر گولیاں برسائیں۔
پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف نے بلوچستان کے ضلع دکی کے علاقے میں کان کنوں پر حملے کی مذمت کرتے ہوئے واقعے کی رپورٹ طلب کر لی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: یمنی فوج کے میزائل حملے: امریکی کشتیوں کو شدید نقصان
پاکستانی وزیراعظم کا کہنا ہے کہ بے گناہ مزدوروں کا خون رائیگاں نہیں جائے گا، دہشت گردوں کو منطقی انجام تک پہنچایا جائے گا، اور ملک دشمنوں کو منہ کی کھانی پڑے گی۔ ہم ہر قسم کی دہشت گردی کو جڑ سے اکھاڑنے کے لیے پر عزم ہیں۔