ملک کے ہر تعلیمی ادارے تک منشیات پہنچ چکی ہیں، حافظ نعیم الرحمان
شیعیت نیوز : امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے کہا ہے کہ پاکستان کے حالات پڑھے لکھے جاہلوں نے خراب کئے، 74 فیصد نوجوان کہتے ہیں کہ وہ پاکستان میں نہیں رہنا چاہتے۔ جماعت اسلامی کے زیراہتمام میٹرک پوزیشن ہولڈرز طلبا کے اعزاز میں جوہر ٹاون لاہور میں یوتھ ٹیلنٹ ایوارڈز تقریب سے خطاب کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ 100 میگاواٹ کے پلانٹ کو کاغذات میں 150 میگاواٹ دکھایا گیا، ن لیگ، پیپلز پارٹی اور پی ٹی آئی نے ہر دور میں آئی پی پیز سے معاہدے کئے، بجلی کا بل مکان کے کرائے سے زیادہ آتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ دائیں اور بائیں اے ٹی ایم ہوں تو اکیلا بندہ کیا کرے گا، مفاد پرست طبقہ ان پارٹیوں میں موجود ہوتا ہے۔
یہ بھی پڑھیں : پاکستان میں غزہ بچاؤ مارچ: سابق سینیٹر مشتاق احمد اہلیہ سمیت گرفتار
انہوں نے کہا کہ پاکستان میں لیڈر دعوے کرتا ہے اور پارٹی عوام کو لوٹ رہی ہوتی ہے، ہمیں اپنی سوچ، طرز سیاست اور تمام معاملات پر سوچنے کی ضرورت ہے۔ امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ پاکستان کے حالات پڑھے لکھے جاہلوں نے خراب کئے ہیں، 74 فیصد نوجوان کہتے ہیں پاکستان میں نہیں رہنا، ہمیں اپنی طرز سیاست بدلنا ہوگی، کون سا تعلیمی ادارہ ہے جہاں منشیات نہیں مل رہی، افسوس ملک کے ہر تعلیمی ادارے تک منشیات پہنچ چکی ہیں، ہمارے بچوں کے جسموں میں منشیات کا زہر اتارا جا رہا ہے، تھانوں میں رشوت کا نظام اوپر تک چلتا ہے۔







