سیلاب کے نقصانات کے ازالے کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں، اپوزیشن لیڈر گلگت
شیعیت نیوز : اپوزیشن لیڈر گلگت بلتستان اسمبلی و پارلیمانی لیڈر ایم ڈبلیو ایم جی بی کاظم میثم نے ضلعی انتظامی افسران، اسسٹنٹ کمشنر گمبہ سکردو، اے ڈی جی بی ڈی ایم اے، تحصیلدار گمبہ سکردو، اور محکمہ تعمیرات عامہ کے افسران کے ہمراہ چندا نالہ سیلاب سے متاثرہ علاقہ، تندل تنجوس سڑک، اور گمبہ سکردو کے سیلاب متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق انہوں نے ریسکیو کے لیے جاری کام کا معائنہ کیا اور اب تک کی انتظامی کارروائیوں کا جائزہ لیا۔
اپوزیشن لیڈر گلگت بلتستان اسمبلی و پارلیمانی لیڈر ایم ڈبلیو ایم جی بی نے ضلعی انتظامی سربراہ، ڈپٹی کمشنر، اے سی گمبہ سکردو، اور جی بی ڈی ایم اے کی بروقت ریسکیو کے لیے جاری اقدامات کو سراہا اور اس بات پر تاکید کی کہ سیلاب سے ہونے والے نقصانات کے ازالے کے لیے بھی فوری اقدامات کیے جائیں۔
یہ بھی پڑھیں : یزید وقت جتنی کوشش کر لے، نہ جلوس روک سکتا نہ مجالس؛ علامہ شبیر حسن میثمی
انہوں نے اپنے وزٹ کے دوران گمبہ سکردو کے پینے کے پانی کی فراہمی کو یقینی بنانے اور رابطہ سڑکوں کو فوری بحال کرنے اور ایمرجنسی بنیادوں پر حفاظتی بند کے لیے اقدامات کی ہدایات دیں۔ ماہی پروری سے وابستہ افراد کے متاثرہ فش فارمز کی بحالی کے لیے محکمہ فشریز کو بھی ہدایات دیں۔
قابل ذکر ہے کہ ضلعی انتظامی سربراہان نے ریسکیو مشینری اور پوری ٹیم کو سیلاب ختم ہونے تک خطرات کی زد میں موجود علاقوں میں فعال رکھنے کی یقین دہانی کرائی۔







