چہلم امام حسین(ع) کے موقع پرخدمت کرنے والے پاکستانیوں کے اعزاز میں تقریب
شیعیت نیوز: اس تقریب کا انعقاد آستان قدس رضوی کی اسلامک ریسرچ فاونڈیشن میں کیا گیا جس میں اربعین حسینی کے ایام میں ریمدان اور میرجاوہ بارڑرز پر زائرین کی خدمت کرنے والے85 خادموں نے شرکت فرمائی, تقریب کے دوران آستان قدس رضوی کے ادارہ بین الاقوامی امور کے نائب ڈائریکٹر حجت الاسلام والمسلمین مصطفیٰ فقیہ اسفندیاری نے پاکستانی خدام الحسین (ع) کو خوش امدید کہتے ہوئے کہا کہ ہم یہ سمجھتے ہیں کہ اسلامی جمہوریہ ایران آپ کا وطن ہے اور اپنےوطن میں موجود ہیں۔
انہوں نے مزید یہ کہا کہ خداوند متعال کی سب سے بڑی نعمت یعنی نعمت امامت و ولایت پر خدا کے شکر گزار ہیں اور دعا ہے کہ خدا ہمیں توفیق دے تاکہ سب کو مذہب اہلبیت علیہم السلام سے روشناس کروا سکیں۔
یہ بھی پڑھیں: آیت اللہ العظمی حافظ بشیر حسین نجفی سے حجۃ الاسلام شیخ زکزاکی کی ملاقات
حجت الاسلام فقیہ اسفندیاری نے بس حادثے میں وفات پانے والے پاکستانی زائرین پر اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا کہ دعا گو ہیں کہ وفات پانے والے تمام زائرین شہدائے کربلا کے ساتھ محشور ہوں اور خداوند متعال زخمیوں کو شفائے کامل و عاجل نصیب فرمائے ۔
انہوں نے کہا کہ کربلا میں جو کام سید الشہداء نے انجام دیا اسے اگر بطور اختصار بیان کرنا چاہوں تو کہوں گا کہ تمام انبیا و مرسلین کا کام سید الشہداء نے انجام دیا ہے ۔ہمیں اس راہ کو جاری رکھنا ہو گا یعنی ہمیں ایسے کام انجام دینے ہیں جن سے دنیا کو جہالت اور گمراہی سے نجات دے سکیں۔
آستان قدس رضوی کے ادارہ بین الاقوامی امور کے نائب ڈائریکٹر نے کہا کہ آج جہالت کا قبیح ترین چہرہ صیہونیوں کی دہشتگردی اور بچوں کا قتل عام ہے ۔







