ایران کے راستے عراق جانے والے پاکستانی زائرین اربعین حسینی کے سفر کا آغاز
شیعیت نیوز : رپورٹ کے مطابق، اربعین حسینی میں شرکت کے لیے زمینی راستے سے عراق جانے والے پاکستانی زائرین تفتان سرحد کے علاوہ ریمدان سرحد سے بھی ایران میں داخل ہوں گے اور ایران میں مہمان نوازی کے لیے انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔
پاکستانی زائرین کے لیے میرجاوہ، شہر زاہدان، مشہد مقدس اور قم میں قیام و طعام اور پذیرائی کے مراکز قائم کیے گئے ہیں، جبکہ عراقی سرحد کے راستے میں مختلف جگہوں پر مخصوص موکب کا انتظام بھی کیا گیا ہے۔
پاکستان میں ایران کے سفارت خانے اور مختلف شہروں میں قونصل خانوں نے گزشتہ برس کی طرح اس سال بھی ایران کے راستے عراق جانے والے پاکستانی زائرین اربعین کے لیے ٹو انٹری فری ویزا جاری کرنے کا اعلان کیا ہے۔
دوسری جانب، اربعین حسینی کے موقع پر پاکستانی زائرین کے سفر کے بارے میں عراق اور پاکستان کے حکام کے درمیان مذاکرات کے بعد پاکستانی زائرین اربعین کا کوٹہ بڑھا دیا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں : عراق میں 50 ہزار زائرین کے لاپتہ ہونے کی خبریں جعلی تھیں، وزیر برائے مذہبی امور
پاکستان کے وزیر داخلہ محسن نقوی نے اسلام آباد میں عراق کے سفیر حامد عباس لفتہ سے ملاقات اور گفتگو کی۔
پاکستان کی وزارت داخلہ نے ایک بیان جاری کرتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ اربعین حسینی کے موقع پر پاکستانی زائرین کو عراق میں مزید سہولتیں دیے جانے پر اتفاق ہوگیا ہے۔
پاکستانی وزارت داخلہ کے بیان میں عراقی سفیر کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ اربعین حسینی کے موقع پر عراق جانے کے خواہشمند پاکستانی زائرین کا کوٹہ بڑھا دیا گیا ہے اور ویزا جاری کرنے کی رفتار تیز کردی گئی ہے۔







