فلسطینی مجاہدین کی مزاحمت: صیہونی فوج کے 3 ٹینک اور 2 بکتربند گاڑیاں تباہ
شیعیت نیوز: صیہونی حکومت کے میڈیا ذرائع نے منگل کو اعلان کیا کہ استقامتی جوانوں نے مشرقی شہر رفح میں آر پی جی سے صیہونی فوجیوں کو نشانہ بنایا، اس واقعے کے بعد مقبوضہ فلسطین اور غزہ پٹی کی سرحد پر واقع کرم ابوسالم گذرگاہ بند ہوگئی۔
دریں اثنا تحریک حماس کے فوجی بازو القسام بریگیڈ نے منگل کو ایک بیان میں کہا ہے کہ اس تحریک کے جوانوں نے صیہونی فوج کے ایک ٹینک کو اس وقت نشانہ بنایا جب وہ ایک تباہ شدہ بکتر بند گاڑی کو کھینچ رہا تھا۔ القسام بریگیڈ نے ایک اور بیان میں دو بکتر بند گاڑیوں اور دو مرکاوا ٹینکوں کو الیاسین ایک سو پانچ میزائل اور بموں سے تباہ کر دینے کی خبر دی ہے۔
اس بیان کے مطابق ان حملوں میں زخمی ہونے والے صیہونی فوجیوں کو منتقل کرنے کے لیے صیہونی حکومت نے فوجی ہیلی کاپٹروں کا استعمال کیا۔
یہ بھی پڑھیں : حزب اللہ کا حیفا اور عکا پر میزائل حملہ: اسرائیل میں ہلچل مچ گئی
دریں اثنا فلسطینی وزارت صحت نے تازہ ترین اعداد و شمار میں بتایا ہے کہ غاصب صیہونی فوجیوں نے گذشتہ چوبیس گھنٹوں میں غزہ کے عوام کے خلاف قتل عام کی تین کارروائیاں انجام دیں جن کے نتیجے میں تیس افراد شہید اور چھیاسٹھ زخمی ہوئے۔ اس رپورٹ کے مطابق سات اکتوبر کے بعد سے اب تک فلسطینی شہداء کی تعداد انتالیس ہزار چھے سو ترپن اور زخمیوں کی تعداد اکانوے ہزار پانچ سو پینتیس تک پہنچ گئی ہے۔







