محمد الضیف ‘ٹھیک’ ہیں، ان کے قتل کے بارے میں اسرائیلی دعویٰ درست نہیں: حماس
شیعیت نیوز: حماس کے ایک رہنما محمود مرداوی نے انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ محمد الضیف محفوظ ہیں اور وہ اپنی موت کے دعووں سے باخبر ہیں۔
حماس کے سینیئر رہنما اور تنظیم کے سیاسی بیورو کے رکن عزت الرشق نے ترکی کے خبر رساں ادارے انادولو کو بتایا کہ محمد الضیف کی شہادت کی تصدیق یا تردید القسام بریگیڈ کا کام ہے۔
اس سے قبل اسرائیل اسرائیل کی فوج نے جمعرات کو دعویٰ کیا تھا کہ حماس کے عسکری ونگ ’عز الدین القسام بریگیڈ‘ کے سربراہ محمد الضیف گذشتہ ماہ 13 جولائی کو غزہ کے علاقے خان یونس میں ایک فضائی حملے میں قتل ہو چکے ہیں۔
ایک بیان میں اسرائیلی فوج نے کہا: ’اسرائیل ڈیفنس فورسز (آئی ڈی ایف) نے اعلان کیا ہے کہ 13 جولائی 2024 کو آئی ڈی ایف کے لڑاکا طیاروں نے خان یونس کے علاقے میں حملہ کیا اور انٹیلی جنس جائزوں کے بعد اس بات کی تصدیق کی جا سکتی ہے کہ محمد الضیف اس حملے میں مارے گئے۔‘
اسرائیل کے اس دعوے سے ایک روز قبل حماس کے رہنما اسماعیل ہنیہ کو تہران میں ایک اسرائیلی حملے میں قتل کیا گیا تھا۔
یہ بھی پڑھیں : اسرائیلیوں کی نیندیں حرام کرنے والا محمد الضیف کون ہے؟
واضح رہے کہ 14 جولائی کو حماس کے ایک اعلیٰ عہدیدار نے کہا تھا کہ گروپ کے عسکری ونگ ’عز الدین القسام بریگیڈ‘ کے جنرل کمانڈر اور اسرائیل کے خلاف ’آپریشن طوفان الاقصیٰ‘ شروع کرنے والے محمد الضیف جنوبی غزہ کے المواصی کیمپ پرہونے والے اسرائیلی فضائی حملے کے باوجود ’ٹھیک‘ ہیں۔
حماس عہدیدار نے اسرائیلی حملے کے وقت اپنے کمانڈر کی کیمپ میں موجودگی کی تصدیق کیے بغیر اے ایف پی کو اتوار کو بتایا تھا: ’کمانڈر محمد الضیف ٹھیک ہیں اور براہ راست حماس کے عسکری ونگ کی کارروائیوں کی نگرانی کر رہے ہیں۔‘
13 جولائی کو المواصی کیمپ پر ہونے والے اس حملے میں غزہ کی وزارت صحت کے مطابق 90 سے زائد افراد کی جان گئی جبکہ سینکڑوں زخمی ہوئے تھے۔







