اوکاڑہ اور تلہ گنگ میں عزاداری پر حملوں میں ملوث اہلکاروں کیخلاف فوری قانونی کارروائی کی جائے، علامہ علی اکبر کاظمی

21 جولائی, 2024 17:12

شیعیت نیوز: صوبائی صدر مجلس وحدت مسلمین پنجاب علامہ سید علی اکبر کاظمی نے لاہور مجلس عزاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ موضع بصیر پور ضلع اوکاڑہ کے ڈی ایس پی ذوالفقار وریو سرکل بصیر پور کی سربراہی اور ایس ایچ او  طاہر حمید کی زیر نگرانی پرامن مومنین عزاداروں کے جلوس پر باقاعدہ حملہ کیا گیا ہے۔

جلوس میں شامل نہتے مظلوم مومنین عزاداروں اور مستورات پر تشدد کیا گیا جس کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے۔

ہم حکومت پنجاب سے مطالبہ کرتے ہیں کہ اس واقعہ کا سخت نوٹس لے اور اس واقعہ میں ملوث افسران اور دیگر سیکیورٹی اداروں کے اہلکاروں کے خلاف قانونی کاروائی کرے، بصیرپور میں 120 افراد کے خلاف ایف آئی آر کاٹی گئیں ہیں یہ کہاں کا انصاف ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ اسی طرح ضلع تلہ گنگ کے موضع کوٹہرا میں نماز فجر کے وقت پرامن مومنین کے گھروں میں پولیس کا گھسنا اور چادر و چار دیواری کا تقدس پائمال کرکے نمازیوں کو گرفتار کرنا ایک شرمناک فعل ہے۔

یہ بھی پڑھیں؛ پولیس نے بصیر پور میں جلوس عزا پر منصوبہ بنا کر حملہ کیا،علامہ علی اکبر کاظمی

انہوں نے کہا کہ کوٹہرا سے 6 مومنین کو گرفتار کیا گیا، یہ غنڈی گردی اب بند ہونی چاہیے، ہم پرامن لوگ ہیں اور ہم نے ہمیشہ پاکستان کی خاطر قربانیاں دی ہیں۔ مگر اس کا ہرگز یہ مطلب نہیں کہ ہم عزاداری پر کمپرومائز کرلیں گے۔

ہم عزاداری سید الشہداء کیوجہ سے خاموش ہیں لیکن اگر حکومت نے توجہ نہ دی اور پنجاب میں لگاتار عزاداروں اور مومنین کے خلاف کاروائی سے باز نہ آئی تو ہم پنجاب بھر میں اپنا آئینی اور قانونی احتجاج کا حق محفوظ رکھتے ہیں۔

وہ کام جو تکفیری قوتیں عزاداری کیخلاف رکاوٹیں ڈال کر کرتی تھیں اب خود حکومتی اہلکار وہی کام کرنے لگے ہیں۔

ہم اس کی بھرپور مذمت کرتے ہیں، حکومت پنجاب اس کا نوٹس لے اور مذہبی تعصب کی فضا پھیلانا بند کرے، یہ عزاداری کسی کی محتاج نہیں ہے۔

عزاداری سید الشہداء نہ رکی ہے نہ کبھی رکے گی، دشمن چاہیے جتنی چالیں چل لے مگر عزاداری سید الشہداء علیہ السلام جاری وساری رہے گی۔

ان واقعات میں ملوث انتظامیہ کے ان ظالم کرداروں کیخلاف فوری کاروائی کا مطالبہ کرتے ہیں۔

11:15 صبح مارچ 9, 2026
بریکنگ نیوز:
Scroll to Top